پاکستان کی فضائی حدود کی بندش، ائیرانڈیا کو کروڑوں کا نقصان ہو گیا

ائیرانڈیا کی پروازوں کو یورپ اور امریکہ پہنچنے کے لیے گجرات، بحیرہ عرب سے ہو کر جانا پڑ رہا ہے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 19 مارچ 2019 13:53

پاکستان کی فضائی حدود کی بندش، ائیرانڈیا کو کروڑوں کا نقصان ہو گیا
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 مارچ 2019ء) : پاک بھارت کشیدگی کے بعد پاکستان کی فضائی حدود بھارت کے لیے بند کر دی گئی تھیں جس سے بھارت کی ائیر لائن ائیرانڈیا کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے ائیر انڈیا کو 16 مارچ سے اب تک ساٹھ کروڑ کا نقصان ہوچکا ہے۔ پروازوں کو یورپ اور امریکہ پہنچنے کے لیے گجرات، بحیرہ عرب سے ہو کر جانا پڑتا ہے جو ائیر انڈیا کو ہونے والے نقصان کی بنیادی وجہ ہے۔

گذشتہ ہفتے بھی دو بھارتی طیارے آپس میں ٹکرانے سے بال بال بچے تھے۔ پاکستانی فضائی حدود کی بندش کی وجہ سے بھارت کو خاصی پریشانی کا سامنا ہے۔ ائیرانڈیا کی پروازوں کو ری فیول کےلیے شارجہ اور ویانا میں لینڈ کرنا پڑتا ہے۔ پاکستانی فضائی حدود کی بندش کی وجہ سے بھارت سے مغربی ممالک کا فاصلہ مزید چار گھنٹے بڑھ گیا ہے جس کی وجہ سے بھارتی مسافربھی پریشانی کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا کے مطابق فضائی حدود کی بندش کی وجہ سے گذشتہ ہفتے ممبئی کی فضائی حدود میں دو بین الاقوامی جہاز ایک دوسرے سے ٹکرانے سے بال بال بچے تھے۔ واضح رہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر پاکستان کی فضائی حدود کو پروازوں کے لیے بند کردیا گیا تھا جس کے بعد 9 مارچ کو پاکستان کی فضائی حدود بھارت کے علاوہ تمام پروازوں کے لیے کھول دی گئی تھیں۔

یاد رہے کہ رواں ماہ کے پہلے ہفتے کے آغاز میں محدود پیمانے پر فضائی آمدورفت شروع ہوئی تھی لیکن مکمل طور پر فضائی آپریشن شروع نہیں ہو سکا تھا جس کی وجہ پاک بھارت کشیدگی تھی۔ لیکن 9 مارچ کو پاکستان سول ایوی ایشن حکام نے اعلان کیا کہ پاکستان کی فضائی حدود تمام دنیا کی پروازوں کے لیے کھول دی گئی ہے البتہ بھارت کی طرف سے کوئی پرواز پاکستان میں داخل نہیں ہو سکتی۔ نہ ہی پاکستان سے کوئی پرواز بھارت کے راستے کسی بھی ملک کے لیے جائے گی جس کی وجہ سے ائیر انڈیا کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوا جبکہ سفر لمبا ہونے کی وجہ سے نہ صرف بھارت سے مغربی ممالک کے سفر کے دورانیے میں اضافہ ہوا بلکہ ٹکٹس بھی مہنگی ہو گئیں۔