Live Updates

عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان آگے بڑھ رہا ہے ‘ مسرت جمشید چیمہ

آبادی میں اضافے پر قابو پانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات نا گزیر ہیں ‘ رکن پنجاب اسمبلی

منگل 19 مارچ 2019 14:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2019ء) تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ عالمی بینک کی حالیہ رپورٹ کے مطابق پاکستان آگے بڑھ رہا ہے اور آنے والے سالوں میں اس کی معیشت مزید مضبوط ہو گی ، آبادی میں تیزی سے ہونے والا اضافہ مسائل کی اصل وجہ ہے جس پر فوری قابو پانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات نا گزیر ہیں۔

اپنے ایک بیان میں مسرت چیمہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کو جس حال میں ملک کی باگ ڈور ملی ہے پوری قوم اس سے آگاہ ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت کی وجہ سے دوست ممالک نے ہمارے ساتھ بھرپو ر تعاون کیا جس سے ہم ڈیفالٹ کے خطرے سے باہر آ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اصلاحات کے ذریعے بہتری لانے کیلئے کوشاں ہیں اور دنیا کے کسی بھی خطے میں یہ عمل کبھی بھی آسان نہیں رہا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالمی بینک کی حالیہ رپورٹ میں اس بات کی نشاندہی کی گئی ہے کہ پاکستان مثبت سمت میں آگے بڑھ رہا اور پالیسیوں کے تسلسل کی وجہ سے پاکستان جلد ترقی کرتی معیشتوں میں شامل ہوسکتا ہے ۔ مسرت چیمہ نے کہا کہ اگر ہم نے دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے ترقی کرنی ہے تو ہمیں آبادی میں تیزی سے ہوتے اضافے کو کنٹرول کرنا ہوگا اور اس کیلئے بہترین حکمت عملی کے ساتھ عملی اقدامات نا گزیر ہو چکے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات