مسعود اظہر سمیت دیگر معاملات پر پاکستان اور بھارت سے رابطے میں رہیں گے

مسعود اظہر سے متعلق چین کا موقف واضح اور اٹل ہے۔ ترجمان چینی وزارت خارجہ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 19 مارچ 2019 14:25

مسعود اظہر سمیت دیگر معاملات پر پاکستان اور بھارت سے رابطے میں رہیں ..
بیجنگ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 مارچ 2019ء) : چین کا کہنا ہے کہ مسعود اظہر سمیت دیگر معاملات پر پاکستان اور بھارت کے ساتھ رابطے میں رہیں گے۔ ترجمان وزارت خارجہ چین کینگ شوانگ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین وزرائے خارجہ کی سطح پر اسٹریٹجک مذاکرات آج بیجنگ میں ہوں گے جس میں پاک بھارت کشیدگی پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

مسعود اظہر سے متعلق چین کا موقف واضح اور اٹل ہے۔ چین اس معاملہ کو تعمیری اور ذمہ دارانہ انداز میں حل کرنے کی کوششیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا مسعود اظہر سمیت دیگر معاملات پر پاکستان اور بھارت سے قریبی رابطے رکھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ چین پاک بھارت کا ہمسایہ ملک ہونے کے ناطےامن اور استحکام کے لئے دو طرفہ مذاکرات کو ترجیح دیتا ہے اور چین دونوں ممالک کو مذاکرات پر آمادہ کرنے کی کوشش کو جاری رکھے گا۔

(جاری ہے)

چین کرتارپور راہداری کھولنے پر پاکستانی اقدام کی تعریف کرتا اور سراہتا ہے۔ اس سے دونوں ممالک کے مابین تناؤ میں کمی کے لئے مدد ملے گی۔ ہمیں اُمید ہے کہ پاکستان اوربھارت اپنے مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز یہ خبر موصول ہوئی تھی کہ چین نے بھارت کو کالعدم تنظیم جیش محمد کے سربراہ مولانا مسعود اظہر کا مسئلہ حل کروانے کی یقین دہانی کروا دی ہے۔

بھارت میں تعینات چینی سفیر لوو زاہوئی کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ میں جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کا معاملہ حل کر لیا جائے گا۔ یاد رہےکہ گذشتہ ہفتے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں چین نے مسعود اظہر کو عالمی دہشتگرد قرار دینے کی بھارتی قراردار کو آخری لمحے میں ویٹو کر دیا تھا ۔ اور ایسا گذشتہ دہائی میں چوتھی مرتبہ ہوا ہے۔

لیکن چین نے اپنے حالیہ مؤقف میں کہا کہ مسعود اظہر سے متعلق قرارداد کو تکنیکی بنیادوں پر روکا گیا ہے تاکہ اس معاملے پر مزید غور کرکے ہی کوئی قدم اُٹھایا جاسکے ۔ چین کی جانب سے بھارت کی قرارداد کو ویٹو کرنے سے بھارت کو سفارتی محاذ پر ایک اور شکست کا سامنا کرنا پڑا۔اس معاملے پر چین نے مسعود اظہر کے معاملے پر اپنے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے بھارت سے کہا تھا کہ وہ مسعود اظہر کے معاملے کو اتنا پیچیدہ نہ کرے اور مذاکرات اور مشاورت سے مسائل کا حل نکالے۔