گوتم گمبھیر کی طرف سے پاکستان کےخلاف ہرزہ سرائی کاسلسلہ جاری

ورلڈ کپ میں پاکستان کےخلاف میچ کے بائیکاٹ کے فیصلے پر عوام پاکستان کو 2پوائنٹس دینے کےلئے تیار رہے:سابق کرکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 19 مارچ 2019 14:45

گوتم گمبھیر کی طرف سے پاکستان کےخلاف ہرزہ سرائی کاسلسلہ جاری
نئی دہلی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19مارچ 2019ء) انتہاءپسند بھارتی پاکستان کیخلاف سازشوں کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ بھارت کے کچھ کھلاڑی اور فنکار بھی پاکستان کو لے کر کافی ’انتہاءپسند‘ ہو چکے ہیں جن میں سے سابق کرکٹر گوتم گمبھیر کا نام نمایاں ہے۔پلوامہ حملے کے بعد گوتم گمبھیر نے پاکستان کیساتھ جنگ کی بات کی اور پھر جب26فروری کو بھارتی طیاروں نے لائن آف کنٹرول پرپاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ’ایئرسٹرائیک‘ کا بھونڈا دعویٰ کیا تو گمبھیر بھی جھوٹی خوشی سے پھولے نہیں سماتے رہے لیکن جب دوسری مرتبہ خلاف ورزی کرنے پر پاکستان نے دو بھارتی طیارے مار گرائے اور ایک پائلٹ زندہ پکڑ لیا تو انہیں چپ کا سانپ سونگھ گیا۔

کچھ دنوں کی خاموشی کے بعد وہ ایک مرتبہ پھر سامنے آئے ہیں اور اس بار ناصرف خود ورلڈ کپ میں پاکستان سے میچ نہ کھیلنے کی مہم کا حصہ بن گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک انٹر ویو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ اگر بھارتی کرکٹ بورڈ ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کرلیتی ہے تو بھارتی عوام کو ذہنی طور پر پاکستان کو 2پوائنٹس دینے کے لیے تیار رہنا چاہیے،ان کامزید کہنا تھا کہ بھارت کے لیے آئی سی سی ٹورنامنٹس میں پاکستان کے خلاف بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کرنا مشکل ہوگا،ہم پہلے ہی پاکستان کے خلاف دو طرفہ سیریز نہیں کھیل رہے اور اب زیادہ سے زیادہ یہ کرسکتے ہیں کہ ایشیاءکپ میں ان کے ساتھ کھیلنے سے انکار کردیں،انگلینڈ نے بھی2003ءکے ورلڈ کپ میں زمبابوے کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار کرکے انہیں2پوائنٹس دے دیئے تھے۔

بھارت کی جانب سے پاکستان کےخلاف اس رویے پر دنیا کی جانب سے ممکنہ بائیکاٹ پر رد عمل دیتے ہوئے گوتم گمبھیر کا کہنا تھا کہ ہمیں فیصلہ کرلینا چاہیئے کہ جوانوں کی زندگیاں زیادہ اہم ہیں یا کھیل؟،میں اس کے لیے تیار ہوں کہ ہمارے اس فیصلے پر دنیا بھر کی سپورٹس فیڈریشنز ہم سے قطع تعلق کرلیں،لوگوں کے احساسات کسی بھی کھیل سے زیادہ اہم ہیں۔