لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی گولہ باری اور فائرنگ کے متاثرین کیلئے 40ایمبولینسز کی فراہمی بروقت اقدام ہے‘وزیر مواصلات

کوشش کریں گے متاثرہ علاقوں میں ایمبولینس کے اندر وہ تمام بنیادی طبعی سہولیات موجود ہوں جو زخمیوں کو فوری ریلیف مہیا کرسکیں ‘چوہدری محمد عزیز

منگل 19 مارچ 2019 15:33

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2019ء) آزاد کشمیر حکومت کے وزیر مواصلات وورکس چوہدری محمد عزیز نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی گولہ باری اور فائرنگ سے متاثرہ آزاد کشمیر کے شہریوں کی فوری طبعی امداد کے لئے آزاد کشمیر حکومت کی جانب سے 40ایمبولینسز کی فراہمی بروقت اقدام ہے ۔ کوشش کریں گے کہ متاثرہ علاقوں میں ایمبولینس کے اندر وہ تمام بنیادی طبعی سہولیات موجود ہوں جو زخمیوں کو فوری ریلیف مہیا کرسکیں ۔

اپنے وسائل سے ایمبولینس گاڑیوں کی فراہمی وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کی ذاتی کاوشوں اور دلچسپی کا نتیجہ ہے ۔ محکمہ صحت عامہ ان ایمبولینسز کو قابل رفتار رکھنے کے لئے اپنے وسائل مہیا کرے گا۔ متاثرین ایل او سی کی بحالی اور ضروریات کی فراہمی کے لئے آزاد کشمیر حکومت اپنی ذمہ داریوں سے اچھی طرح آگاہ ہے اور دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھائے جارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

یہاں لائن آف کنٹرول سے آئے ہوئے متاثرین کے ایک وفد سے بات چیت کے دوران چوہدری محمد عزیز نے کہا ہے کہ متاثرین ایل او سی کے لئے نئے پیکیج کیلئے وفاقی حکومت سے رجوع کیا گیا ہے اور وفاقی حکومت نے مجوزہ پیکیج کے لئے 5ارب روپے کی فراہمی کی یقین دہانی کروائی ہے ۔ بھارتی گولہ باری اور فائرنگ سے متاثرین کی امداد کے لئے کابینہ کی سطح پر قائم کمیٹی کی سفارشات پر من و عن عمل کیا جائے گا۔

یہ سفارشات کابینہ کو پیش کی جاچکی ہیں جن میں شہداء کے ورثاء کے لئے 10لاکھ روپے معاوضے کی تجویز ہے ۔ زخمیوں ، املاک کے نقصان اور مال مویشیوں کی ہلاکت کا معاوضہ بھی بڑھایا جارہا ہے ۔ آزاد کشمیر حکومت کو متاثرین ایل او سی کے مسائل ، مشکلات اور پریشانی کا اچھی طرح اندازہ ہے اور گزشتہ کئی سالوں سے حکومت اپنی وسائل سے ان مسائل سے نمٹنے کی کوشش کررہی ہے ۔

ایل او سی پر رہائش پذیر آزاد کشمیر کے شہری گزشتہ 70سال سے بھارتی جارحیت کا مقابلہ کررہے ہیں ۔ انہیں پہلی دفاعی لائن کی حیثیت حاصل ہے اور ان کی قربانیاں سب سے زیادہ ہیں ۔ تمام تر بھارتی جبری ہتھکنڈوں کے باوجود یہ شہری دفاع پاکستان اور ملکی سالمیت کے لئے اپنی جان و مال کی قربانیاں دے رہے ہیں ۔ افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ دفاع پاکستان اور ملکی سالمیت کے لئے افواج پاکستان نے جس ہمت ، استقامت اور دلیری کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کیا ہے وہ اب تاریخ بن چکا ہے ۔ بھارتی قابض افواج آزادکشمیر کے عوام کے جذبہ اور حوصلہ سے اچھی طرح آگاہ ہیں ۔ اتحاد و یکجہتی اور فوج پر اعتماد کی وجہ سے دفاع وطن کی ذمہ داری بطریق احسن پوری کی جارہی ہے ۔ دشمن اس اتحاد و یکجہتی سے خوفزدہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کو حالات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا ۔ آزاد کشمیر حکومت کو متاثرین سے مکمل ہمدردی ہے ۔