عمراکمل نے مکی آرتھر کا دل جیتنے کا راز بتادیا

ہیڈ کوچ میچ ونر سمجھتے ہیں، آسٹریلیا کیخلاف مایوس نہیں کروں گا:قومی بیٹسمین

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 19 مارچ 2019 15:03

عمراکمل نے مکی آرتھر کا دل جیتنے کا راز بتادیا
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19مارچ 2019ء) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بیٹسمین عمر اکمل نے قومی کرکٹ ٹیم میں واپسی کے لیے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا دل جیتنے کے راز سے پر دہ اٹھا دیا۔ انہوں نے کہا کہ سخت محنت کے باعث پی ایس ایل میں ان کی کارکردگی نمایاں رہی اور یہی بنیادی وجہ تھی کہ مکی آرتھر نے انہیں میچ ونر سمجھتے ہوئے آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے منتخب کیا۔

واضح رہے کہ عمر اکمل جنوری2017ءکے بعد ون ڈے میں اپنے ملک کی نمائندگی نہیں کر سکے ہیں تاہم پی ایس ایل فور میں شاندار کارکردگی کی بدولت صرف 12میچوں میں 34.62 کی بیٹنگ اوسط سے انہیں 277رنز بنانے کا موقع ملا،انہوں نے 2 نصف سنچریاں بھی بنائیں۔ ماضی میں ان کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے ساتھ تعلقات کشیدہ رہے تاہم وقت گزرنے کے ساتھ دونوں جانب برف پگھلنے لگی ہے۔

(جاری ہے)

عمر اکمل کے مطابق وہ تمام باتیں بھولنا چاہتے ہیں اور کینگروز کے خلاف سیریز ان کے لیے ڈیبیو کی طرح ہے لہٰذا وہ شائقین سے درخواست کرتے ہیں کہ انہیں بھرپور سپورٹ کیاجائے تاکہ وہ نئے سرے سے قومی ٹیم میں اپنی جگہ پکی کر سکیں۔ مکی آرتھر انہیں کہہ چکے ہیں کہ وہ ایک میچ ونر کھلاڑی ہیں جو کھیل پر مزید گرفت رکھیں تو مقابلے کو منطقی انجام تک پہنچانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔