وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی چین کے نائب صدر سے ملاقات

پاکستان چین کے تجربات سے استفادہ کرے گا. شاہ محمود قریشی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 19 مارچ 2019 15:06

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی چین کے نائب صدر سے ملاقات
بیجنگ(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔19 مارچ۔2019ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چین کے نائب صدر وانگ قشن سے ملاقات کے دوران کہا کہ چین کی کرپشن کی روک تھام کے لیے کوششیں قابل تعریف ہیں، پاکستان چین کے تجربات سے استفادہ کرے گا. تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بیجنگ میں چین کے نائب صدر وانگ قشن سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات اور پاک چین اقتصادی راہداری سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر گفتگو ہوئی .

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان اور چین کے تعلقات مثالی ہیں، پاکستان خطے میں تمام ہمسایوں سے بہتر تعلقات کا خواہاں ہے‘وزیر خارجہ نے کرپشن کی روک تھام اور 70 کروڑ افراد کو غربت سے نکالنے کے پروگرام پر چین کی کامیاب کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین کے تجربات سے استفادہ کرے گا، پاکستان چین کے ساتھ مضبوط اقتصادی تعلقات کا خواہاں ہے.

ملاقات میں دونوں راہنماﺅں نے پاک چین اسٹریٹجک تعاون کی اہمیت پر زور دیا‘خیال رہے کہ شاہ محمود قریشی وزرائے خارجہ اسٹرٹیجک مذاکرات میں شرکت کے لیے گزشتہ روز چین پہنچے تھے جہاں چینی سفیر، چین میں پاکستان کے سفیر اور سفارت خانے کے عملے نے ان کا استقبال کیا. دورے کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی چین کی اہم قیادت سے ملاقاتیں بھی کریں گے.

چین پہنچنے کے بعد انہوں نے چائنہ انسٹیٹیوٹ فار انٹرنیشنل اسٹریٹجک اسٹڈیز کا دورہ بھی کیا، چینی اسکالرز سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین گہرے دوست ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات اسٹریٹجک شراکت داری کی بنیاد پر استوار ہیں. یاد رہے کہ حکومت نے چند روز قبل پاک بھارت کشیدگی پر چین سے اسٹریٹجک مشاورت کا فیصلہ کیا تھا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی چین کے دورے میں بھارت کے ساتھ کشیدگی کے خاتمے کے لیے کاوشوں کا احاطہ کریں گے اور داخلی سطح پر جاری اقدامات سے بھی چینی قیادت کو آگاہ کریں گے.

آج صبح چینی وزارت خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ چین نے پاکستان اوربھارت میں تناﺅ کم کروانے میں مثبت کردارادا کیا، کشیدگی میں کمی کے لیے چند دیگر ممالک نے بھی کوششیں کیں. چینی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کا پرامن طریقے سے ساتھ رہنا سب کے مفاد میں ہے، دوست ہمسائے کے طور پر دونوں ممالک میں امن مذاکرات کی کوششوں اور کشیدگی کم کرنے میں کردار ادا کیا.