مڈل پاس لیڈی ہیلتھ ورکرزکو کیسے اپ گریڈ کریں، دھرنا دینے والی لیڈی ہیلتھ ورکرز اپنی سیاست چمکا رہی ہیں‘یاسمین راشد

13 ہزار نئی لیڈی ہیلتھ ورکرز بھرتی کررہے ہیں ، انکی اپ گریڈیشن کے لیے سروس سٹریکچر بنا دیا ہے‘صوبائی وزیر صحت کی میڈیا سے گفتگو

منگل 19 مارچ 2019 17:42

مڈل پاس لیڈی ہیلتھ ورکرزکو کیسے اپ گریڈ کریں، دھرنا دینے والی لیڈی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2019ء) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشدنے کہا ہے کہ آٹھویں جماعت پاس لیڈی ہیلتھ ورکرزکو کیسے اپ گریڈ کریں، دھرنا دینے والی لیڈی ہیلتھ ورکرز اپنی سیاست چمکا رہی ہیں۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے تھیلیسیمیا سمیت دیگر موروثی بیماریوں پر کنسلٹنٹ ڈاکٹرز کو فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں لیکچر دیا۔

(جاری ہے)

بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یاسمین راشد نے کہاکہ مال روڈ پر دھرنا دینے والی لیڈی ہیلتھ ورکرز کے تمام مطالبات منظور ہوچکے ہیں، اب دھرنے کا مقصد صرف سیاست چمکانا ہے۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہاکہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کی بھرتیوں پر پابندی انہوں نے اٹھائی، 13 ہزار نئی لیڈی ہیلتھ ورکرز بھرتی کرنے لگے ہیں، انکی اپ گریڈیشن کے لیے سروس سٹریکچر بنا دیا ہے۔8 ویں جماعت پاس لیڈی ہیلتھ ورکرزکو کیسے اپ گریڈ کریں، اس کے لیے پاکستان میں کوئی قانون ہی موجود نہیں۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے وائی ڈی اے کے مطالبات کو غیر سنجیدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایم ٹی آئی ایکٹ یونیورسٹیز کے لیے ہیں اور انہیں قبول بھی ہے، اب وائی ڈی اے اس پر سیاست کررہی ہے جس کی اجازت نہیں دیں گے۔