وزیر صنعت وتجارت نے مون مارکیٹ گلشن راوی میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا افتتاح کیا

نئی نسل کو ایسا پاکستان دیں گے جو یورپ سے بھی زیادہ صاف ستھرا ور خوبصورت ہو‘صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال

منگل 19 مارچ 2019 17:42

وزیر صنعت وتجارت نے مون مارکیٹ گلشن راوی میں پودا لگا کر شجر کاری مہم ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2019ء) صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے مون مارکیٹ گلشن راوی میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا افتتاح کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیراعلی کی ہدایت پر پنجاب میں ہفتہ صفائی وشجرکاری منایا جارہا ہے۔اس مہم کے تحت پنجاب بھر میں پودے لگائے جارہے ہیں اور شہروں ودیہاتوں کو صاف ستھرا بنایا جارہا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لئے ہمیں اپنے شہروں اور دیہاتوں کو صاف ستھرا بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو ایسا پاکستان دیں گے جو یورپ سے بھی زیادہ صاف ستھرا ور خوبصورت ہو۔ ہمیں صفائی اور شجرکاری مہم کو ایک تحریک کے طور پر آگے بڑھانا ہے اور معاشرے کے ہر طبقے کو اپنی معاشرتی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے اس مہم میں اپنا حصہ ڈالنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گھروں کے علاوہ اپنے ارد گرد کے ماحول کو بھی صاف رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔ صفائی اور شجرکاری کی اہمیت کے حوالے سے لوگوں میں شعور اجاگر کرنا ہوگا۔صفائی اور ستھرائی کے حوالے سے لوگوں کے ذہنوں کو بھی بدلنا ہے۔صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا کہ صاف اور سرسبزپاکستان وزیراعظم کا ویژن اور ہماری منزل ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا دین بھی ہمیں صفائی اورستھرائی کی تعلیم دیتا ہے اور صفائی کو نصف ایمان قراردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہروں،قصبوں اور دیہاتوں کوصاف ستھرا بنانے کے لئے شہری بھی حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔ صفائی کا تعلق انسانی صحت سے ہے،صفائی اورپاکیزگی سے ہم خود اور ہمارا معاشرہ بھی صحت مند رہے گا۔انہوں نے کہا کہ درخت صدقہ جاریہ ہے اور یہ درجہ حرارت کو کنٹرول کرنے میں معاون بنتے ہیں۔ اس لئے زیادہ سے زیادہ رقبے پر درخت لگائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی کے ہفتہ صفائی وشجرکاری کی سرگرمیوں کی نگرانی کے لئے صوبائی وزراء کواضلاع تفویض کر دئیے گئے ہیں۔صاف اور سرسبز پاکستان کی منزل پانے کے لئے ہمیں اجتماعی سوچ کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔ڈی جی پی ایچ اے، متعلقہ افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔