بھارت ہمیشہ پاکستانی فنکاروں کا منفی اورغلط استعمال کرتا ہے، میکال ذو الفقار

پاکستانی ہونے پر فخر ہے ، اپنے ملک میں کام کرنا پسند ہے ،مجھے اپنے چاہنے والوں سے بے حد عزت ملتی ہے، گفتگو

منگل 19 مارچ 2019 18:07

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2019ء) پاکستانی اداکار میکال ذوالفقار نے بھارتیوں کی پول کھولتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت ہمیشہ پاکستانی فنکاروں کا منفی اورغلط استعمال کرتا ہے۔پاکستان شوبز انڈسٹری کے صف اول کے اداکار میکال ذوالفقار نے حال ہی میں اپنے بھارت میں کام کرنے کا تجربہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی پہلے پاکستانی فنکاروں کا منفی اور غلط استعمال کرتے ہیں اور پھر انہیں آلہ کار بناکر مشکلات میں اکیلا چھوڑ دیتے ہیں۔

میکال ذوالفقار نے کہا کہ جب میں نے فلم ’’بے بی‘‘ سائن کی اس وقت میں نے خصوصی طور پر پوچھاتھا کہ کیا یہ فلم اسلام اور پاکستان مخالف ہے تب فلم میکرز نے کہا نہیں بلکہ فلم میں ایسا کچھ بھی نہیں ہے۔ میں فلم کے پہلے حصے میں نہیں تھا مجھے فلم کے اسکرپٹ سے متعلق کوئی اندازہ نہیں تھا تاہم جب فلم ریلیز ہوئی تب مجھے حقیقت کا علم ہوا، اس کے بعد میں نے فیصلہ کیا کہ میں صرف پاکستانی فلموں میں کام کروں گا اس کے علاوہ ہمیں بھارت میں وہ عزت بھی نہیں دی جاتی جس کے ہم حقدار ہیں۔

(جاری ہے)

میکال ذوالفقار نے کہا کہ بھارتی ہمیشہ پاکستانی فنکاروں کو مشکلات اورتنازعات میں دھکیل دیتے ہیں، وینا ملک کی مثال ہی لے لیجئے جب ان کا فوٹوشوٹ ریلیز ہوا وینا ملک تنازع کا شکار ہوگئی تھیں اور ان پر بہت زیادہ تنقید کی گئی تھی۔ میکال ذوالفقار نے کہا کہ مجھے پاکستانی ہونے پر فخر ہے اور اپنے ملک میں کام کرنا پسند ہے جہاں مجھے اپنے چاہنے والوں سے بے حد عزت ملتی ہے۔