صہیونی فوج کی غرب اردن کے شمالی شہروں میں گھر گھر تلاشی کی کارروائیاں، 15 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا

منگل 19 مارچ 2019 19:33

رام اللہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2019ء) قابض صہیونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہروں میں گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں میں 15 فلسطینی شہریوں کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا،قابض فوج دو روز قبل تین یہودیوں کو ہلاک کرنے کے بعد بحفاظت فرار ہونیوالے فلسطینی نوجوان عمرابو لیلیٰ کو ڈھونڈ رہی ہے۔

(جاری ہے)

اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سلفیت میں ارئیل یہودی کالونی کے قریب تین صہیونیوں کوہلاک کرنے کے بعد فرار ہونے والے فلسطینی کو تلاش کررہی ہے۔اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران 15 فلسطینیوں کو گرفتار کر کے تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے، ان میں بعض اسرائیلی فوج کو مزاحمتی کارروائیوں میں مطلوب تھے۔ادھر اسرائیلی فوج نے غرب اردن کے شمالی شہر نابلس میں زعموط کے مقا پر تلاشی کیدوران اسلحہ قبضے میں لینے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔قابض فوج نے رام اللہ کے نواحی علاقوں سلواد، رنتیس، مغربی مزرعہ اور دیر ابو مشعل سے چار فلسطینی نوجوانوں کو حراست میں لیا۔