فلسطین نیشنل اتھارٹی نے غزہ اور اس کی حکمران جماعت کو مقامی، علاقائی اور عالمی سطح پر نشانہ بنانے کا پلان تیار کرلیا

منگل 19 مارچ 2019 19:33

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2019ء) فلسطین نیشنل اتھارٹی کے سیکیورٹی اداروں نے بین الاقوامی سرمایہ کو بروئے کار لاتے ہوئے غزہ اور اس کی حکمران جماعت کو مقامی، علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر نشانہ بنانے کا پلان تیار کیا ہے۔الاقصیٰ نے سیکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ فلسطین نیشنل اتھارٹی کے سیکیورٹی اداروں نے بین الاقوامی سرمایہ کو بروئے کار لاتے ہوئے غزہ اور اس کی حکمران جماعت کو مقامی، علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر نشانہ بنانے کا پلان تیار کیا ہے۔

غزہ اور حماس کیخلاف اس سیکیورٹی اور ابلاغی منصوبہ کی نگرانی اعلیٰ قیادت کر رہی ہے جن میں حکمران جماعت فتح کی مرکزی کونسل کے ارکان بھی شامل ہیں۔حماس کیخلاف منصوبہ کا آغاز سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کیا گیا ہے اور بعد ازاں اسے بڑھاوا دیتے ہوئے فیلڈ میں تنظیم کیخلاف اقدامات تک پھیلا دیا جائیگا، اس منصوبہ کی تکمیل چار مراحل میں ہو گی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق سیکیورٹی اور ابلاغی منصوبہ کا مقصد حماس اور تنظیم آزادی فلسطین کی رکن جماعتوں کے درمیان تعلقات کو پراگندہ کرنا ہے۔غزہ کی پٹی میں محدود پیمانے پر ’ہم جینا چاہتے ہیں‘ نامی تحریک کے پرچم تلے مہنگائی کیخلاف جلسے جلوس نکالے گئے۔ ذرائع نے بتایا کہ فتح اور فلسطین نیشنل اتھارٹی نے ان مٹھی بھر عناصر کی ریلیوں کو اپنے سیاسی مقاصد کی تکمیل کا ذریعہ بنانے کی کوشش کی۔

فتح تحریک کی انقلابی کونسل کے رکن اسامہ القواسمی نے غزہ میں عوامی مظاہروں کو حماس کیخلاف سپورٹ کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ سرکاری ٹی وی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ القدس کی آزادی کا راستہ غزہ میں ظلم اور استبداد کے خاتمے کی راہ سے ہو کر گزرتا ہے۔ادھر اسرائیلی عہدیداروں نے غزہ میں نام نہاد عوامی مظاہروں کی انتظامیہ اور تحریک کو حماس کیخلاف تمام تر تعاون اور مدد فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے، ان میں اسرائیلی وزیر کے ترجمان اوفر جندلمان اور اسرائیلی حکومت میں فلسطینی امور کے کوارڈی نیٹر کمیل ابو رکن نے بتایا کہ اسرائیل کی کم سے کم خواہش یہی ہے کہ اہلیان غزہ کے ہاتھوں حماس کا دھڑن تختہ کیا جائے۔