Live Updates

وزیراعظم کا وزیراعلیٰ پنجاب کو ایک اور موقع دینے کا فیصلہ

وزیراعلیٰ کی شکایتوں پرصوبائی کابینہ میں ردوبدل کا اختیار بھی دے دیا، کرپشن کے خاتمے اورگڈ گورننس کیلئے بھرپوراقدامات اٹھائیں۔ وزیراعظم عمران خان کی وزیراعلیٰ پنجاب کو ہدایت

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 19 مارچ 2019 18:34

وزیراعظم کا وزیراعلیٰ پنجاب کو ایک اور موقع دینے کا فیصلہ
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 مارچ 2019ء) وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب کو ایک اور موقع دینے کا فیصلہ کرلیا ہے، وزیراعظم نے وزیراعلیٰ کو ہدایت کی ہے کہ کرپشن کے خاتمے اورگڈ گورننس کیلئے بھرپوراقدامات اٹھائیں، کابینہ میں ردوبدل کی ضرورت پڑے توفوری کریں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ملاقات کی تھی۔

جس میں وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیراعظم کو وزراء ، ارکان سمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کے بل سے آگاہ کیا تھا۔ وزیراعظم عمران خان نے اس موقع پر وزیراعلیٰ کے فیصلے پر شدید برہمی اورناگواری کا اظہارکیا اوروزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ سے ملاقات میں کفایت شعاری اپنانے اور گورننس بہتر کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

صوبے میں گورننس بہتر بنانے کیلئے پارٹی منشور پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

عثمان بزدار نے انتظامی معاملات میں پارٹی رہنماؤں کی مداخلت کا شکوہ کیا۔ پی ٹی آئی رہنماؤں کی مداخلت سے پارٹی منشور اور فیصلوں پر عملدرآمد میں مشکلات درپیش ہیں۔ جس پر وزیراعظم عمران خان نے عثمان بزدار کو ہدایت کی ہے کہ بطور وزیراعلیٰ تمام انتظامی معاملات اپنے ہاتھ میں رکھیں۔ارکان کی تنخواہوں میں اضافے کیلئے کفایت شعاری مہم کو مدنظر رکھا جائے۔

واضح رہے سوشل میڈیا پر خوب تنقید  پر وزیراعظم عمران خان نے معاملے پر نوٹس لیتے ہوئے گورنر پنجاب کو بل پر دستخط کرنے سے روک دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کوعمر بھر کیلئے گھر دینے کا فیصلہ درست نہیں، لائف ٹائم مراعات کا دورانیہ زیادہ سے زیادہ 3 ماہ کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب کو ہدایت کی ہے کہ بل کو دوبارہ ایوان میں پیش کیا جائے اور وزیراعلیٰ کولائف ٹائم گھر جیسی مراعات دینے کے فیصلے پر نظر ثانی کی جائے، اسی طرح وزیراعلیٰ پنجاب بل کو دوباری ایوان میں پیش کریں۔

واضح رہے پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے رکن غضنفرعباس چھینہ نے پنجاب عوامی نمائندگان ترمیمی بل 2019ء پیش کیا جس کی منظوری قائمہ کمیٹی برائے قانون نے دی اور یوں بل 24 گھنٹے کے اندر منظور بھی ہوگیا۔ بل کے تحت ارکانِ اسمبلی کی تنخواہ اور مراعات 83 ہزار ماہانہ سے بڑھ کر ایک لاکھ 92 ہزار روپے ہوگئی، بنیادی تنخواہ 18 ہزار سے بڑھا کر 80 ہزارروپے ماہانہ، ڈیلی الاؤنس 1 ہزار سے بڑھا کر 4 ہزار، ہاؤس رینٹ 29 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار، یوٹیلیٹی الاؤنس 6 ہزار سے بڑھا کر 20 ہزار روپے اور مہمان داری الاؤنس 10 ہزار سے بڑھا کر 20 ہزار روپے کردیا گیا۔ اسی طرح وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے لائف ٹائم لاہور میں سرکاری رہائش سمیت دوسری مراعات شامل تھیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات