پاکستان سپر لیگ کے بعد پشاور زلمی کی گلوبل زلمی لیگ کی تیاریاں مکمل ، ایونٹ 21مارچ سے اسلام آباد میں شروع ہوگا

ایونٹ میں 16ممالک کی ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی

منگل 19 مارچ 2019 19:51

پاکستان سپر لیگ کے بعد پشاور زلمی کی گلوبل زلمی لیگ کی تیاریاں مکمل ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2019ء) پاکستان سپر لیگ کے بعد پشاور زلمی کی گلوبل زلمی لیگ کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں، ایونٹ 21مارچ سے اسلام آباد میں شروع ہوگا۔ غیر ملکی ٹیموں کی آمد (آج) بدھ سے شروع ہوگی ، میگا ایونٹ میں 16ممالک کی ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی، تمام میچز Sports Fever360کے تعاون سے آن لائن براہ راست دکھائے جائیں گے۔

یواے ای اور پھر پاکستان میں پاکستان سپر لیگ کے کامیاب انعقاد کے بعد اب پشاور زلمی کی گلوبل زلمی لیگ دھوم مچانے کو تیار ہیں۔ تفصیلات کے مطابق 21مارچ سے پاکستان کے دارلحکومت اسلام آباد میں شروع ہونیوالی گلوبل زلمی لیگ کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں۔ اسلام آباد میونسپل کارپوریشن کے تعاون سے اسلام آباد کے گراؤنڈز میں دنیا بھر سے آنیوالی سولہ ٹیمیں ان ایکشن ہوگی۔

(جاری ہے)

غیر ملکی ٹیموں کی آمد آج رات سے شروع ہوگی۔ پشاور زلمی کے چیرمین جاوید آفریدی کا کہنا ہے کہ گلوبل زلمی لیگ پشاور زلمی کے لیے اہم ایونٹ ہے جو دنیا بھر میں پشاور زلمی کے فین کلب اور مقبولیت کا ثبوت ہے۔ وہ پاکستان آنیوالی تمام ٹیموں کو خوش آمدید کہتے ہیں اور ساتھ ہی بھرپور تعاون پر میونسپل کارپوریشن اسلام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

گلوبل زلمی لیگ میں الریاض زلمی ، شاوڑنگ زلمی ، انچیون زلمی ، وینکوور زلمی ، ویانا زلمی ، بون زلمی ، کابل زلمی، پیرس زلمی ، وکٹوریہ زلمی ، مانامہ زلمی ، اسٹیٹس زلمی، جوہانسبرگ زلمی ، لندن زلمی ، دبئی زلمی اور گلاسگو زلمی کی ٹیمیں شریک ہوگی۔ ایونٹ کے اختتام پر بہترین کارکردگی دکھانے والی گلوبل زلمی الیون کا اعلان کیا جائیگا جو دنیا بھر کے کلبز کے ساتھ میچز کے لیے دورے کرے گی۔ ایونٹ کا پہلا میچ اکیس مارچ کو الریاض زلمی اور شاؤڑنگ زلمی کے درمیان کھیلا جائیگا۔ ایونٹ کے تمام میچز SportsFever360کے تعاون سے یوٹیوب اور آن لائن براہ راست دکھائیں جائیں گے۔