سیدنا علی المرتضیٰؓ کی سیرت و کردار مسلم حکمرانوں کیلئے مشعل راہ ہے، متحدہ علماء محاذ

فلسطینی و کشمیری مسلمانوں کواسرائیلی و بھارتی جارحیت اور وحشیانہ مظالم سے نجات کیلئے جذبہ حیدری کو بیدار کرنے کی ضرورت ہے،ملکی امن و استحکام ،دنیابھر کے مسلمانوں اور افواج پاکستان اور صلیبی جارحیت کے شکار نیوزی لینڈ کی مسجد کے شہداء کیلئے خصوصی دعا

بدھ 20 مارچ 2019 00:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2019ء) متحدہ علماء محاذ پاکستان کے بانی سیکریٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری کی دعوت پر علامہ مرزا یوسف حسین کی زیر صدارت مرکزی سیکریٹریٹ گلشن اقبال میںمنعقدہ یوم جشن مولود کعبہ سیمینار سے مہمان خصوصی خطیب پاکستان مفکر اسلام مولانا احترام الحق تھانوی،مولانا جعفرالحسن تھانوی، علامہ علی کرارنقوی،علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، علامہ عبدالستار توحیدی، علامہ قرة العین عابدی، علامہ عبدالخالق فریدی،محمد شکیل قاسمی،قاری انوار حمیدی ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ سیدنا علی المرتضیٰؓ کی سیرت و کردار مسلم حکمرانوں کیلئے مشعل راہ ہے۔

پاکستان سمیت مسلم افواج جذبہ حیدریؓ کے ساتھ فلسطین و کشمیر آزاد کرائیں۔

(جاری ہے)

آج فلسطینیوں کو اسرائیلی اور کشمیری مسلمانوں کو بھارتی جارحیت انسانیت سوز وحشیانہ مظالم سے نجات کیلئے جذبہ حیدری کو بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔اہل بیت اطہار سے عقیدت و محبت جزو ایمان و راہ نجات ہے اوران سے بغض و عنادگمراہی و ضلالت ہے۔ عالم اسلام کو خلیفة الرسول داماد رسول جنت کے سردار حسنین کریمین کے والد خاتون جنت سیدہ فاطمہ زہرہؓ کے شوہرباب العلم، فاتح خیبر،امام الہدیٰ و المتقین اسد اللہ الغالب سیدنا علی المرتضیٰ کرم اللہ وجہہ کا یوم ولادت باسعادت مبارک ہو۔

علماء نے کہا کہ پاکستان میں خلفائے راشدین و اہل بیت اطہار کی عظمت و تقدس پر یقین رکھنے والے شیعہ سنی فرقہ واریت ،دہشت گردی کے خلاف اور ملکی امن و استحکام کیلئے متحد و بیدار ہیں۔مولانا احترام الحق تھانوی نے ملکی امن و استحکام ،کشمیر و فلسطین، شام و یمن کے مسلمانوں اور افواج پاکستان اور صلیبی جارحیت کے شکار نیوزی لینڈ کی مسجد کے شہداء کیلئے خصوصی دعاکرائی۔