شہر کے ٹریفک کے مسائل کے حل کیلئے ہرشخص اور ادارے کو ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے اپناکردار ادا کرنے کی ضرورت ہے، کمشنر حیدرآباد

بدھ 20 مارچ 2019 00:11

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2019ء) کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے کہا ہے کہ شہر کے ٹریفک کے مسائل کے حل کے لیے ہرشخص اور ادارے کو ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے اپناکردار ادا کرنے کی ضرورت ہے، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد ٹریفک مینجمنٹ بورڈ حیدرآباد کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کرکے حیدرآباد شہر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل کے حل کے لئے قلیل مدتی اور طویل مدتی پلان تشکیل د یں۔

وہ شہباز ہال حیدرآباد میں ٹریفک کے مسائل کے حوالے سے منعقدہ ایک اہم اجلاس کی صدارت کررہے تھے، اجلاس میں ڈی آئی جی پی حیدرآباد نعیم احمد شیخ ، ایڈیشنل کمشنر طاہر علی میمن ،ڈپٹی کمشنر حیدرآباد سید اعجاز علی شاہ، ایس ایس پی حیدرآباد سرفراز نوازشیخ، ضلع حیدرآباد کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز ،مونسپل کمشنر بلدیہ حیدرآبادشاہد علی خان ، ایم ایس سول ہسپتال حیدرآباد ڈاکٹر مبین احمد میمن ،سیکریٹری ٹرانسپورٹ اتھارٹی ،انجمن تاجران اتحاداور ایوان صنعت و تجارت حیدرآباد کے نمائندوں سمیت دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی حیدرآباد نعیم احمد شیخ نے اجلاس میں کہا کہ ٹریفک کی روانی بحال کرنے کیلئے ہمیں سخت فیصلے کرنا ہوں گے جبکہ پولیس کی جانب سے اگر کوئی بھی مسئلہ درپیش ہو تو میںاجلاس کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتا ہوں، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد سید اعجاز علی شاہ نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے مسلسل تجاوزات کے خاتمے کی کوشش کی جا رہی ہے اس سلسلے میں تمام اسسٹنٹ کمشنر ز اپنا فعال کردار ادا کر رہے ہیں، انہوں نے شہر میں پارکنگ پلازہ ، ملٹی پل اسٹوری پارکنگ اور یو ٹرن بنائے جانے کی ضرورت پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ انتظامیہ سے این او سی لیے بغیر سڑکوں کو کھودے جانے کے عمل کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی، سڑکیں بنانے کے عمل میںپیسوں کے ساتھ ساتھ بہت زیادہ وقت بھی درکار ہوتا ہے جبکہ اس طرح سے سڑکیں کھودے جانے سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوتی ہے، ایس ایس پی حیدرآباد سرفراز نواز شیخ نے ٹریفک کے مسائل کی بڑی وجوہ بتاتے ہوئے کہا کہ اگر صرف ون وے کی خلاف ورزی ، پارکنگ کے مسائل اور تجاوزات جیسے مسائل حل کر لیے جائیں تو ٹریفک کی روانی بحال کی جا سکتی ہے، انہوںنے شہر میں ٹریفک سگنل ، ٹائر بسٹرنصب کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کی تعداد ناکافی ہے جنہیںشہر کی ہر گلی کے موڑپر تعینات نہیں کیا جا سکتا، انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کرانے کی پوری کوشش کی جار ہی ہے، شرکاء اجلاس نے کے ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل کے خاتمے کیلئے اپنی تجاویزدیں اور اپنے خیالات سے آگاہ کیا، کمشنر محمد عباس بلوچ نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ فیلڈ میں ہر طرح کے مسائل موجود ہوتے ہیں لیکن اگر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے کام کیا جائے تو کوئی بعید نہیں کہ مسائل حل نہ کیے جا سکیں۔