لاہور میں1997کے بعد پہلا شراب فروخت کرنے کا لائسنس جاری کر دیا گیا

22سال بعد لاہور میں کھلنے والے نئے ہوٹل کو شراب بیچنے کا لائسنس جاری کر دیا گیا، لاہور میں الکحل فروخت کرنے والے ہوٹلوں کی تعداد 5ہو گئی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 19 مارچ 2019 23:40

لاہور میں1997کے بعد پہلا شراب فروخت کرنے کا لائسنس جاری کر دیا گیا
لاہور(اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19مارچ2019ء) لاہور ائیرپورٹ کے نزدیک کھلنے والے نئے ہوٹل کو شراب کی فروخت کا لائسنس مل گیا۔ شراب کی فروخت اگلے ماہ سے شروع کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈپارٹمنٹ نے 1997کے بعد پہلا شراب کی فروخت کا لائسنس ایک نئے ہوٹل کو دے دیا ہے۔ یہ ہوٹل ائیرپورٹ کے نزدیک بنایا گیا ہے اور اس کے مالک کا نام پیر بھگائی شاہ ہے۔

پیر بھگائی شاہ اس سے پہلے بھی پاکستان کے کئی ائیرپورٹس پر دکانیں اور پارکنگ سٹینڈ چلا رہے ہیں۔اب انہوں نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے نزدیک رائل انٹرنیشنل ہوٹل بنایا ہے جس کے لیے انہوں نے پنجاب حکومت سے شراب کی فروخت کا لائسنس مانگا تھا جو کہ پنجاب کے ایکسائز ائنڈ ٹیکسیشن ڈپارٹمنٹ نے جاری کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ لاہور میں اس سے پہلے آخری الکحل لائسنس1997میں جاری کیا تھا اور اس کے بعد بھی بہت سے ہوٹلوں اور کینٹینز نے شراب کی فروخت کے لائسنس کے لیے ایکسائز ائنڈ ٹیکسیشن ڈپارٹمنٹ کو درخواستیں دی تھیں لیکن سابق وزیر اعلیٰ میاں شہباز شریف نے اس معاملے میں بہت سختی کیے رکھی اور کوئی بھی لائسنس جاری نہیں کیا لیکن اب موجودہ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے رائل انٹرنیشنل ہوٹل کو شراب کی فروخت کا لائسنس جاری کرنے کی اجازت دے دی جس کے بعد لائسنس جاری کر دیا گیا ہے۔

اس سے پہلے آخری لائسنس1997میں ہالیڈے ان نامی ہوٹل کو جاری کیا گیا تھا۔ اب لاہور میں کل پانچ ہوٹلوں کے پاس شراب کی فروخت کا لائسنس ہے جن میں موجودہ ہوٹل رائل انٹرنیشنل ہوٹل، ہالیڈے ان، پرل کانٹی نینٹل، آواری اور فلیٹیز شامل ہیں البتہ چینی ریسٹورانز پر بھی الکحل کی فروخت کی اجازت ہے لیکن وہ یہ شراب صرف چینی باشندوں کو فروخت کر سکتے ہیں۔ رائل انٹرنیشنل ہوٹل میں شراب کی فروخت اگلے ماہ سے شروع ہو جائے گی۔