Live Updates

تین چار ماہ بعد پنجاب کے نئے گورنر اور نئے وزیراعلیٰ ہوں گے

چوہدری سرور کو اپنے عہدے سے ہٹا دیا جائے گا جب کہ پنجاب میں کوئی ایسا وزیر اعلیٰ لایا جائے گا جو پنجاب جیسا بڑا صوبہ سنبھالنے کا اہل ہو۔ نجم سیٹھی کا دعویٰ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 20 مارچ 2019 11:01

تین چار ماہ بعد پنجاب کے نئے گورنر اور نئے وزیراعلیٰ ہوں گے
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20 مارچ 2019ء) معروف صحافی نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان پنجاب کو مکمل طور پر کنٹرول کر رہے ہیں اور عثمان بزدار صاحب کے پاس کوئی طاقت نہیں ہے سب کچھ عمران خان کے ہاتھ میں ہے۔پہلے چوہدری سرور، علیم خان اور جہانگیر ترین جیسے لوگ تھے لیکن اب وہ نہیں ہیں اور ان سب سے طاقت لے لی گئی ہے۔جہانگیر ترین اپنے کاروبار پر توجہ دے رہے ہیں اور علیم خان کو نیب پکڑ لے گئی ہے جب کہ چوہدری سرور کے بارے میں یہ خبر ہے کہ بس ان کے بھی بطور گورنر 3، چار ماہ ہیں اور اس کے بعد کوئی نیا گورنر آئے گا۔

جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جگہ بھی ایسا بندہ لایا جائے گا جو کہ پنجاب جیسے صوبے کو سنبھال سکے۔واضح رہے اس سے قبل بھی چوہدری سرور کو اپنے عہدے سے ہٹائے جانے کی خبریں سامنے آتی رہی تھیں۔

(جاری ہے)

معروف صحافی چویدری غلام حسین کا کہنا تھا کہ گورنر پنجاب چوہدری سرور جو کہ برطانیہ کے دورے پر گئے اور وہاں سے سرمایہ کارلائے۔چوہدری سرور جیلوں سمیت کئی جگہوں پر صاف پانی کے پلانٹ لگوا رہے ہیں اور بہت ساری فنڈنگ بھی کروا رہے ہیں۔

لیکن تحریک انصاف اور حکومت کے اتحادیوں میں کچھ ایسے لوگ ہیں جنھوں نے چوہدری سرور کے خلاف سازشیں شروع کر دی ہیں اور وہ لوگ فون کروا رہے ہیں کہ چوہدری سرور کو نکالا جا رہا ہے یا پھر وہ خود چلے جائیں گے۔معروف صحافی حبیب اکرم کا کہنا تھا کہ گورنر پنجاب چوہدری سرور کی تو شکایتیں بھی ختم نہیں ہوتی وہ ہر وقت اس بات پر ناراض رہتے ہیں کہ میرا وہ وہ کام نہیں کیا گیا۔

گورنر پنجاب یہ بھی نہیں سوچتے کہ ان کے پاس کون بیٹھا ہوا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے اختیارات استعمال کر کے کچھ افسران کا تبادلہ کیا تو اس پر چوہدری سرور ناراض ہو گئے کہ مجھے سے پوچھ کر نہیں کیا گیا۔ جب اس نوٹیفیکشن کی کاپی گورنر ہاؤس بھجوائی گئی تو وہ ناراض ہو گئے کہ مجھے تو بتایا ہی نہیں گیا کہ اس طرح سے افسران کا تبادلہ ہو رہا ہے حالانکہ یہ گورنر پنجاب کے اختیارات میں ہی نہیں آتا۔ اصل میں گورنر پنجاب چاہتے ہیں کہ انہیں صاف پانی کا پراجیکٹ دیا جائے۔حالانکہ بطور گورنر وہ اس پراجیکٹ کو نہیں لے سکتے ان کی آئینی مجبوریاں ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات