الجزائری صدر عبدالعزیز بوتفلیقہ عن قریب اقتدار چھوڑ دیں گے،ذرائع کا دعویٰ

بوتفلیقہ عوامی مطالبے پرکسی قسم کے دستوری تحفظ کے بغیر اقتدار سے الگ ہونے کی تیاری کر رہے ہیں،ذرائع

بدھ 20 مارچ 2019 11:45

الجیریا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2019ء) الجزائر کے ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر عبدالعزیز بوتفلیقہ عن قریب اقتدار چھوڑنے کا اعلان کریںگے۔میڈیارپورٹس کے مطابق الجزائر سے نشریات پیش کرنے والے ٹی وی چینل نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ صدر عبدالعزیز بوتفلیقہ 28 اپریل تک اقتدار چھوڑ دیں گے۔ ٹی وی رپورٹ میں ایوان صدر کے ذرائع اور حکمراں اتحاد کے ذمہ دار ذرائع کے حوالے سے خبر دی گئی ہے کہ صدر عبدالعزیز بوتفلیقہ عوامی مطالبے پرکسی قسم کے دستوری تحفظ کے بغیر اقتدار سے علیحدہ ہونے کی تیاری کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہناتھا کہ صدر عبدالعزیز بوتفلیقہ کہہ چکے ہیں کہ وہ عوام کے مطالبات کو سمجھ گئے ہیں۔ عوام انہیں مزید صدر نہیں دیکھنا چاہتی اور ان کی مدت صدارت میں توسیع یا دوبارہ انتخابات میںحصہ لینے کے خلاف ہے۔الجزائر کے نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ رمطان لعمامرہ نے کہا ریاست نے عوامی مطالبات پورے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔خیال رہے کہ گذشتہ کچھ عرصے سے الجزائر میں صدر عبدالعزیز بوتفلیقہ کے اخلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ عوامی احتجاج کے پیش نظر انہوں نے رواں سال ہونے والے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔