قوم کا بچہ بچہ مقروض ، حکمران طبقہ تنخواہیں بڑھا رہا ہے،سینیٹر سراج الحق

کسی غریب پر پانچ ہزار کا بجلی بل ہوتا ہے تو اس کی بجلی کاٹ دی جاتی ہے اور کروڑوں کے نادہندگان کو کوئی پوچھنے والا نہیں

بدھ 20 مارچ 2019 13:19

قوم کا بچہ بچہ مقروض ، حکمران طبقہ تنخواہیں بڑھا رہا ہے،سینیٹر سراج ..
خالق نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2019ء) امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ کرپشن کو ختم کئے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا ، عوام اپنے مسائل کے حل اور دیانتدار قیادت کیلئے ہمارا ساتھ دیں۔سینیٹرسراج الحق نے کہا ہے کہ اگر کسی غریب پر پانچ ہزار کا بجلی بل ہوتا ہے تو اس کی بجلی کاٹ دی جاتی ہے اور کروڑوں کے نادہندگان کو کوئی پوچھنے والا نہیں۔

ان خیالات کا اظہار امیرجماعت اسلامی سینیٹرسراج الحق نے گزشتہ روز کاہنہ میڈیا کلب میں صحافیوں سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کیا،امیرجماعت اسلامی نے مزیدکہا کہ ملک سے یہ دہرا معیار اب ختم ہونا چاہئے۔ حکمرانوں نے ہمیشہ عوام کی بجائے اپنے مفادات کا تحفظ کیا ہے جس کی وجہ سے آج ملک اس نازک صورتحال پر پہنچا ہے کہ قوم کا بچہ بچہ مقروض ہے۔

(جاری ہے)

حکمران طبقہ اپنی تنخواہیں بڑھا رہا ہے ،ان حکمرانوں کے ہوتے ہوئے ملک ترقی نہیں کرسکتا،اسلئے عوام میں انقلابی اورعوامی شعور پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔عوام کو بھی چاہئے کہ بڑے بڑے بنگلوں کا طواف کرنے کی بجائے اپنے ووٹ کی طاقت کے ایٹم بم کو کرپشن،ناانصافیوں اور نااہل قیادت کے خلاف استعمال کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تیل ،گیس اور دیگر قدرتی وسائل سے مالامال ہونے کے باوجود صحت،تعلیم اور دیگر بنیادی سہولتوں سے محروم ہے ،سراج الحق نے کہا کہ یہ دنیا امتحان گاہ ہے،حق وباطل کے معرکہ میں معاشرے کے اچھے لوگوں کو خاموش تماشائی بننے کی بجائے اقامت دین کی جدوجہد کرنے والے لوگوں کا ساتھ دینا چاہئے۔

کتنے افسوس کی بات ہے کہ اسلام کے نام پر حاصل کردہ ملک میں ناچ گانے اور فحاشی کی آزادی مگر اسلام اور ناموس رسالت کی بات کرنا جرم بن گیا ہے۔