بھارت کی سفاکی اور مکاری پر اقوام عالم خاموش ہے،باسط قریشی

عالمی امن کے دعویداروں کی خاموشی معنی خیز ہے ،خالد قریشی،جمیل قریشی

بدھ 20 مارچ 2019 14:02

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2019ء) القریش تنظیم کے صدر باسط قریشی،جنرل سیکرٹری خا لد قریشی،جمیل قریشی،رشید قریشی ودیگر ممبران نے کہا کہمقبوضہ کشمیر میں قابض انتظامیہ نے گزشتہ ڈھائی ماہ کے دوران مقبوضہ وادی کے طول و عرض میں مزاحمتی اور مذہبی قیادت اور کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن آپریشنوں میں 700 سے زائد افراد کو گرفتار کیا ہے گرفتار ہونے والوں میں سے جن21 افراد پر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کیا گیا ہے ان سب کو مقبوضہ وادی کشمیر سے باہر کی جیلوں میں منتقل کیا گیا ہے انہوں نے گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ ، اسلامی تعاون تنظیم، انسانی حقوق کونسل ، بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی ، ایمنسٹی انٹرنیشنل اور انسانی حقوق کے دیگر عالمی اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین صورتحال کا نوٹس لیں، کشمیری عوام سمیت دنیا بھر میں مسلمان دہشتگردی کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

نیوزی لینڈ میں مساجد پر فائرنگ کرکے بیسیوں نمازیوں کو شہید کرنے کے واقعہ اور بڑی دہشتگر دی کی مذمت کرتے ہیں ۔ عالمی امن کے دعویداروں کی خاموشی معنی خیز ہے ۔ واقعہ کی تحقیقات کر کے ملوث دہشتگردوں کو قرار واقعی سزادی جائے ۔دہشتگردی کے واقعہ پر اپنے ردعمل میں دونوں رہنمائوں نے کہاکہ امت مسلمہ کا اتحاد واتفا ق انتہائی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ سات دہائیوں نے کشمیرکے نہتے عوام بھارت کی طرف سے ریاستی دہشتگردی کا شکار ہیں ۔

اقوام متحدہ اپنی ہی قراردادوں پر عملدرآمد کرانے میں ناکام ہے ۔ بھارت کی سفاکی اور مکاری پر اقوام عالم خاموش ہے ۔ کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لائینگی اور جدوجہد آزادی کامیاب ہو گی ۔ کشمیری بھارت کے تسلط سے بہت جلد آزادی حاصل کریں گے۔ اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ اپنے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق جموں و کشمیر کے تنازعہ کو حل کروائے، کشمیری عوام کو استصواب رائے کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے جس کا وعدہ 70 سال قبل خود اقوام متحدہ نے کیا تھا ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری کمزور نہیں بلکہ یہ دنیا کی وہ بہادر قوم ہے جس نے نہتے ہونے کے باوجود 71 سال تک بھارت کی سات لاکھ مسلح فوج کے ساتھ مقابلہ کیا اور وہ اب بھی پوری جرات کے ساتھ اس کا مقابلہ کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا اور خود بھارت کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہندو انتہا پسندی ہے جس کا سرخیل بھارت کا وزیراعظم نر یندر مودی ہے انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کے حق میں اٹھنے والی آواز پاکستان کو خاموش کرنے کے لیے اس پر جارحیت مسلط کرنے کی کوشش کی لیکن بھارت کی یہی تدبیر اس کے خلاف الٹ دی گئی اور دنیا میں مسئلہ کشمیر اجاگر ہوا -