پاکستان کی فضائی حدود پر کب تک پابندی عائد رہے گی؟

سینئیر صحافی نجم سیٹھی نے فضائی حدود کی پابندی کی وجہ بھی بتا دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 20 مارچ 2019 13:49

پاکستان کی فضائی حدود پر کب تک پابندی عائد رہے گی؟
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 مارچ 2019ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتےہوئے سینئیر صحافی نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی فضائی حدود پر تاحال پابندی عائد ہے ۔ اس پابندی کی وجہ سے پاکستان کی قومی ائیرلائن پی آئی اے کو ایک ارب روپے اور سول ایوی ایشن کو ڈیڑھ ارب روپے کا نقصان ہو چکا ہے۔ دوسری جانب بھارتی ائیرلائن ائیرانڈیا کا بھی سخت نقصان ہو رہا ہےکیونکہ مغربی ممالک کو جانے والی تمام بھارتی پروازیں پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرتی ہیں۔

اس میں کسی حکومت کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیسے ہی مسعود اظہر پر پابندی عائد ہو گی اور یہ پریشر ختم ہو گا تو فضائی حدود بحال کر دی جائیں گی۔ اس معاملے پر اجے بساریہ کا بھی یہی کہنا ہے کہ ہم اس معاملے پر بات کر رہے ہیں اور چین ہمارے ساتھ ہے لہٰذا جلد ہی کوئی نہ کوئی حل نکل آئے گا۔

(جاری ہے)

سمجھ لیں کہ حل نکلنے والا ہے جیسے ہی حل نکلے گا فوری طور پر فضائی حدود بحال کر دی جائیں گی اور ممکنہ طور پر تیس دنوں کے اندر اندر سب ٹھیک ہو جائے گا۔

واضح رہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر پاکستان کی فضائی حدود کو پروازوں کے لیے بند کردیا گیا تھا جس کے بعد 9 مارچ کو پاکستان کی فضائی حدود بھارت کے علاوہ تمام پروازوں کے لیے کھول دی گئی تھیں۔ رواں ماہ کے پہلے ہفتے کے آغاز میں محدود پیمانے پر فضائی آمدورفت شروع ہوئی تھی لیکن مکمل طور پر فضائی آپریشن شروع نہیں ہو سکا تھا جس کی وجہ پاک بھارت کشیدگی تھی۔

لیکن 9 مارچ کو پاکستان سول ایوی ایشن حکام نے اعلان کیا کہ پاکستان کی فضائی حدود تمام دنیا کی پروازوں کے لیے کھول دی گئی ہے البتہ بھارت کی طرف سے کوئی پرواز پاکستان میں داخل نہیں ہو سکتی۔ نہ ہی پاکستان سے کوئی پرواز بھارت کے راستے کسی بھی ملک کے لیے جائے گی جس کی وجہ سے ائیر انڈیا کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوا جبکہ سفر لمبا ہونے کی وجہ سے نہ صرف بھارت سے مغربی ممالک کے سفر کے دورانیے میں اضافہ ہوا بلکہ ٹکٹس بھی مہنگی ہو گئیں۔