منشیات اسمگلنگ کیس میں غیرملکی ماڈل کو8سال قید کی سزا

جمہوریہ چیک کی ماڈل ٹریزا کو ساڑھے 8 کلو ہیروئن اسمگل کرنے کی کوشش پر 2018 میں گرفتار کیا گیا تھا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 20 مارچ 2019 14:28

منشیات اسمگلنگ کیس میں غیرملکی ماڈل کو8سال قید کی سزا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔20 مارچ۔2019ء) لاہور سیشن عدالت نے جمہوریہ چیک سے تعلق رکھنے والی ماڈل ٹریزا کو منشیات اسمگلنگ کیس میں 8 سال 8 ماہ قید کی سزا سنادی ہے. ایڈیشنل سیشن جج شہزاد رضا نے غیر ملکی خاتون کو سزا سنائی جبکہ شریک ملزم شعیب حفیظ کو شک کا فائدہ دے کر بری کردیا. قید کی سزا کے ساتھ عدالت نے ماڈل کو ایک لاکھ 13 ہزار روپے کا جرمانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیاگیا ہے.

واضح رہے کہ ماڈل ٹریزا کو ساڑھے 8 کلو ہیروئن اسمگل کرنے کی کوشش پر 10 جنوری 2018 کو ائیر پورٹ سے گرفتار کیا گیا تھاان کے خلاف کیس میں 9 گواہان نے شہادتیں قلمبند کروائیں تھی.

(جاری ہے)

خیال رہے کہ 10 جنوری 2018 کو محکمہ کسٹم نے لاہور سے ابوظہبی جانے والی جمہوریہ چیک کی خاتون سے تقریباً 9 کلو ہیروئن برآمد کرلی تھی. ابوظہبی سے آئرلینڈ روانگی کا ارادہ رکھنے والی غیر ملکی خاتون انسداد منشیات فورس (اے این ایف) کے عملے کو چکر دیتے ہوئے دو چیکنگ کاﺅنٹرز سے گزر گئی تھی، تاہم تیسرے کاﺅنٹر پر کسٹم حکام نے انہیں پکڑ لیا تھا.

کسٹم نے ملزمہ ٹریزا کو اے این ایف کے حوالے کرنے سے انکار کر تے ہوئے انہیں کسٹم ہاﺅس منتقل کردیا تھا‘بعدازاں محکمہ کسٹم نے غیر ملکی خاتون کی نشاندہی پر لاہور کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں بھی کی تھیں.عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ پراسیکیوشن نے ٹریسا کا ہیروئن اسمگل کرنا ثابت کر دیا، تاہم ماڈل ٹریسا اپنی بے گناہی ثابت نہیں کر سکیں.

ایڈیشنل سیشن جج نے کیس کا فیصلہ سنایا، عدالت نے ماڈل کے خلاف فیصلہ 12 مارچ کو محفوظ کیا تھا. ماڈل ٹریسا کو 10 جنوری 2018 کو گرفتار کیا گیا تھا، ملزمہ کو ساڑھے 8 کلو ہیروئن لاہور ایئر پورٹ اسمگل کرنے کی کوشش میں گرفتار کیا گیا تھا. ملزمہ کے خلاف 9 گواہوں نے بیانات ریکارڈ کرائے ، غیر ملکی ماڈل کے ساتھ 4 مزید ملزمان کو نامزد کیا گیا تھا،کیس کے تین ملزمان اشتہاری اور ایک ملزم شعیب گرفتار ہے.