سانحہ کرائسٹ چرچ،پاکستانی شہداء کی میتیں ورثاء کے حوالے

بدھ 20 مارچ 2019 16:15

سانحہ کرائسٹ چرچ،پاکستانی شہداء کی میتیں ورثاء کے حوالے
کرائسٹ چرچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2019ء) نیوزی لینڈ میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالمالک نے کہا ہے کہ سانحہ کرائسٹ چرچ میں شہید ہونے والے لاہورکے سید جہاں داد اور کراچی کے سید اریب احمد کی میتیں ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں۔سانحے میں شہید 9 پاکستانیوں میں سے اب تک صرف اریب کے ورثاء میت پاکستان لے جانا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس سانحے میں صرف ایک پاکستانی زخمی ہواہے، حافظ آباد کے محمد امین ہسپتال میں زیرعلاج ہیں جن کی حالت تشویش ناک ہے۔

اس سے قبل سانحہ کرائسٹ چرچ میں شہید ہونے والے 50میں سے 2شہیدوں کی تدفین کر دی گئی ہے،مقامی میڈیا کے مطابق خالد اور اس کے بیٹے حمزہ کی نمازِ جنازہ ادا کی گئی ، دونوں باپ بیٹا مسجد نور میں فائرنگ سے شہید ہوئے تھے۔14 برس کا حمزہ اس وقت دہشت گرد کی گولی کا نشانہ بنا جب وہ اپنی والدہ سے فون پر بات کر رہا تھا، خالد اپنے اہل خانہ کے ساتھ چند ماہ پہلے ہی شام سے نیوزی لینڈ منتقل ہوا تھا۔