Live Updates

ثابت ہو گیا پاکستان پر بے وردی آمریت مسلط ہے، احتساب کے نام پر انتقام کی بدترین شکل سامنے آگئی ‘پیپلز پارٹی

بلاول بھٹو اور آصف زرداری کے خلاف بے انصافی انصاف کا مذاق ہے، انصاف کا چہرا اتنا بدنما نہیں ہوتا، یہ جو ہو رہا ہے انتقام ہے، سینیٹر مولا بخش چانڈیو ،سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر ، چوہدری منظور کی کارکنوں پر تشدد ، گرفتارریوں کی شدید مذمت

بدھ 20 مارچ 2019 16:15

ثابت ہو گیا پاکستان پر بے وردی آمریت مسلط ہے، احتساب کے نام پر انتقام ..
ْلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے اسلام آباد میں کارکنوں پر پولیس تشدد اور گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج ثابت ہو گیا پاکستان پر بے وردی آمریت مسلط ہے، احتساب کے نام پر انتقام کی بدترین شکل سامنے آگئی ہے، بلاول بھٹو اور آصف زرداری کے خلاف بے انصافی انصاف کا مذاق ہے، انصاف کا چہرا اتنا بدنما نہیں ہوتا، یہ جو ہو رہا ہے انتقام ہے، سمجھ نہیں آتا عمران خان کیوں ملک میں افراتفری اور انتشار پیدا کرنا چاہتے ہیں ، ماضی کے آمروں کے طرح بے وردی آمر عمران خان کو بھی نجام تک پہنچائیں گے،سلیکٹڈ حکومت پاکستان کے مستقبل سے کھیلنا بند کرے، پیپلز پارٹی کو مجبور نہ کرے کہ وہ عوام کو روڑوں پر آنے کی اپیل کرے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مولا بخش چانڈیو ، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے ترجمان سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر اور پنجاب کے جنرل سیکریٹری چودھری منظور نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا ۔ سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا کہ احتساب کے نام پر انتقام کی بدترین شکل سامنے آگئی ہے، پی پی قیادت کے مقدمات کراچی سے اسلام آباد منتقلی انصاف کے نام پر بے انصافی ہے، بلاول بھٹو اور آصف زرداری کو انتقامی کارروایوں سے ڈرایا نہیں جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو اور آصف زرداری کے خلاف بے انصافی انصاف کا مذاق ہے، انصاف کا چہرا اتنا بدنما نہیں ہوتا، یہ جو ہو رہا ہے انتقام ہے، پیپلز پارٹی کے متعلق اسلام آباد کا یہ متعصبانہ رویہ وفاق کیلئے اچھا نہیں، عمران خان سیاسی انتقام میں اندھے ہو کر وفاق کے ساتھ مت کھیلیں۔ مولابخش چانڈیو نے کہا کہ سندھ کا مقدمہ اسلام آباد میں منتقل کر کے آخر یہ حکومت کیا پیغام دینا چاہتی ہے ، پیپلز پارٹی پر تشدد اور گرفتاریاں ناقابل برداشت ہے، گرفتار کارکن رہا کئے جائیں، پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی گرفتاری اور تشدد نے ضیا آمریت کی یاد دلا دی، حکمران سن لیں جیالے آمریت کی مذمت نہیں مزاحمت کرتے ہیں، عمران خان کو خبردار کرتے ہیں کہ وہ انتقام اور بے انصافی باز رہے۔

انہوں نے کہا کہ ان سے پہلے بھی جس جس حکمران نے پی پی کو انتقام کا نشانہ بنایا وہ رسوا ہی ہوا ، عمران خان سن لیں ہمارے لئے کارکن باہر نکلتے ہیں آپ دھرے گئے تو کوئی باہر نہیں آئے گا۔ایک طرف نواز شریف ناانصافی پر احتجاج کر رہے ہیں دوسری طرف ہمیں انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، سمجھ نہیں آتا عمران خان کیوں ملک میں افراتفری اور انتشار پیدا کرنا چاہتے ہیں ، بس عمران خان اتنا یاد رکھیں کہ جیالوں نے ان کے پسندیدہ آمروں کو تاریخ کی تاریکی میں دھکیل دیا ، عمران خان تو سلیکٹڈ ہیں یہ جیالوں کے مزاحمت کے سامنے زیادہ دیر نہیں ٹک پائیں گے۔

ترجمان چیئرمن پیپلز پارٹی سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ آج ثابت ہو گیا کہ پاکستان پر بے وردی آمریت مسلط ہے، اتاترک ایوینیو پر ہمارے کارکنوں کی گرفتاریاں حکومت سے ہضم نہیں ہوں گی، احتساب کے نام پر انتقام کا مقابلہ کریں گے، حکومت تیار رہے۔انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم نے بھٹو کے خاندان کو للکار کر غلطی کر دی، بھٹوز کو انتقام کا نشانہ بنانے والوں کو تاریخ نے خاک میں ملا دیا، کارکن پرامن رہ کر جمہوری انداز میں احتجاج کریں۔

ترجمان بلاول بھٹو نے کہا کہ ہماری جدوجہد لمبی ہے، ہم نے تکھنا اور جھکنا نہیں، ماضی کے آمروں کے طرح بے وردی آمر عمران خان کو بھی نجام تک پہنچائیں گے۔پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری چوہدری منظور نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سکیورٹی کمپرومائیز کرنے پر حکومت و نیب کی مذمت کرتا ہوں، بلاول بھٹو زرداری کی زندگی کو خطرات کے باوجود انہیں 40 منٹس تک نیب آفس کے گیٹ پر بلاجواز روکا گیا، حکومت و نیب حکام نے جان بوجھ کر پی پی پی چیئرمین کی سکیورٹی کو نظرانداز کیا، نیازی حکومت میں موجود دہشتگردوں کے ہمدردوں سے پی پی پی چیئرمین کو خطرہ ہے،بلاول بھٹو زرداری کی سکیورٹی اسی طرح ہٹائی جا رہی ہے، جیسے مشرف نے شہید بی بی کے لیئے کیا تھا، سلیکٹڈ حکومت پاکستان کے مستقبل سے کھیلنا بند کرے۔

چوہدری منظور نے کہا کہ 200سے زائد کارکنان کو گرفتار اور درجنوں کو گم کردیا گیا ہے، کالعدم تنظیموں کے کارندوں کے لیئے نوکریوں کا اعلان کرنے والی حکومت جمہوریت پسند کارکنان کو جیلوں میں بند کر رہی ہے، نیازی حکومت پیپلز پارٹی کو مجبور نہ کرے کہ وہ عوام کو روڈوں پر آنے کی اپیل کرے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات