سانحہ کرائسٹ چرچ پر اسلام مخالف لکھنے والے کالم نگار نے معافی مانگ لی

براڈ کاسٹر کرس لینچ نے2017ء میں مسلمانوں کے خلاف تعصب پر مبنی کالم لکھا تھا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 20 مارچ 2019 15:21

سانحہ کرائسٹ چرچ پر اسلام مخالف لکھنے والے کالم نگار نے معافی مانگ ..
نیوزی لینڈ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 مارچ 2019ء) : نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی مساجد پر حملے کے بعد جہاں دنیا بھر کے غیر مسلموں نے اس حملے کی مذمت کی اور مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیا وہیں اس سانحہ نے اسلام سے متعلق کئی لوگوں کے دل بھی بدل دئے۔ ایسے ہی افراد میں اسلام مخالف کالم لکھنے والا ایک براڈ کاسٹر بھی شامل ہے۔ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں نیوزی لینڈ کےبراڈ کاسٹر کرس لینچ نے معافی طلب کی۔

براڈ کاسٹر نیوزی لینڈ کے براڈ کاسٹر کرس لینچ نے2017ء میں مسلمانوں کے خلاف تعصب پر مبنی کالم لکھا تھا تاہم سانحہ کرائسٹ چرچ کے بعد کرس لینچ نے ٹویٹر پر جاری پیغام میں کہا کہ مسلمانوں کے خلاف جو لکھا اس پر میں شرمندہ ہوں اور معافی چاہتا ہوں۔

(جاری ہے)

کرس کا کہنا تھا کہ رحم دلی کو سمجھنے کے لیے دیگر ثقافتوں سے آگاہی ضروری ہے۔ اس ہفتے نے مجھے رحم دلی کرنے اور اپنی گفتگو کو محبت بھرا اور شائستہ بنانے پر قائل کیا ۔

اب سے میں اپنے الفاظ کے چناؤ میں مزید احتیاط برتوں گا۔ اور میں خود کو اچھا انسان بنانے کے لیے مزید کوشش کروں گا۔
یاد رہے کہ 15 مارچ کو نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی النورمسجد اور لِین وڈ میں واقع مسجد میں جمعہ کی نماز کے دوران سفید فام انہتا پسند نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 50 افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہوئے تھے۔

آسٹریلوی دہشتگرد نے مساجد میں موجود مسلمانوں پر اندھا دھند فائرنگ کی تھی۔ شہید ہونے والے افراد میں 9 پاکستانی شہری بھی شامل تھے۔ اس سانحہ کے بعد غیر مسلم کمیونٹی نے بھی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیا تھا۔ جبکہ نیوزی لینڈ کی غیر مسلم کمیونٹی نے بھی مسلمانوں پر ہونے والے اس دہشتگرد حملےکی مذمت کی تھی اور کہا تھا کہ ہم اپنے مسلمان ہم وطنوں کی حفاظت کریں گے۔