امریکی قونصل جنرل کا دورہ ملتان‘سولرپاور سسٹم کا افتتاح

پاکستانی نوجوان نسل کو ہنرمند بنانے کے عمل کی حوصلہ افزائی کرتے رہیں گے. کولین کرینویلگی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 20 مارچ 2019 15:57

امریکی قونصل جنرل کا دورہ ملتان‘سولرپاور سسٹم کا افتتاح
ملتان(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔20 مارچ۔2019ء) امریکی قونصل جنرل کولین کرینویلگی نے پاکستانی نوجوان نسل کو ہنرمند بنانے کے عمل کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ طلبہ کو امریکی حکومت کی مالی اعانت سے شروع ہونے والے انگریزی زبان سکھانے کے دو نئے پروگراموں میں خوش آمدید کہا جائے گا. اپنے دورہ ملتان کے دوران انہوں نے پاکستان کے ساتھ تعاون کی جہتوں پر روشنی ڈالی اور امریکی تعاون سے تیار ایک سولر پاور سسٹم کا افتتاح کیا انہوں نے کاروبار شروع کرنے کے خواہش مند افراد میں کاروبار میں آسانی کے لیے ٹول کٹ تقسیم کی اور مقامی حکومت کے عہدے داروں اور کاروباری قائدین سے ملاقاتیں کیں.

(جاری ہے)

امریکی قونصل جنرل کرینویلگی نے کہا کہ امریکہ کو ملتان میں وقوع پذیر آگے بڑھنے کے عمل میں پاکستان کے ساتھ شراکت پر فخر ہے انہوں نے کہا کہ طلبہ کو انگریزی بہتر کرنے اور ملازمت کے ہنر کو جاننے کے کاموں کا آغاز ہونا چاہیے. نئے سولر پاور سسٹم سے بجلی کی بلا تعطل فراہمی ہو، نئے کاروبار کی حوصلہ افزائی ہو یا اہم ثقافتی ورثے کو محفوظ بنانا ہو، امریکہ خوشحال اور پر امن مستقبل کے لیے پاکستان کے ساتھ ہے.

اپنے ملتان کے دورے کے دوران قونصل جنرل کرینویلگی نے 250 طلبہ کو دو سالہ انگلش ایکسیس مائکرو سکالر شپ پروگرام میں خوش آمدید کہا اور 75 طلبہ کے لیے چھ ماہ کے انگلش ورکس پروگرام کا افتتاح کیا. امریکی وزارت خارجہ نے دونوں پروگراموں کے لیے مالی اعانت فراہم کی ہے پروگراموں کا مقصد طلبہ کو تجزیہ اور انگریزی زبان کی صلاحیت سے بہرہ ور کرنا ہے تاکہ وہ جاب مارکیٹ کے معیار پر پورا اترسکیں.

قونصل جنرل کرینویلگی نے پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل کے ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ میں جدید ترین سولر پاور سسٹم کا افتتاح کیا. یہ سولر سسٹم امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی نے مہیا کیا ہے یہ سولر سسٹم طلبہ کو بلا تعطل بجلی فراہم کر کہ تعلیمی سرگرمیوں میں مدگار ہو گا. قونصل جنرل نے یو ایس ایڈ کے کیریئر کونسلنگ سینٹر میں گریجویٹ ٹرینیز سے بھی ملاقات کی اور ان میں کاروبار شروع کرنے میں معاون ٹول کٹس تقسیم کیں یہ جنوبی پنجاب میں نوجوان نسل کے لیے معاشی مواقع کے لیے ایک قدم ہے.

دریں اثناءموسیٰ پاک شہید اور شاہ رکن عالم کے مزارات پر حاضری کے دوران قونصل جنرل کرینولگی نے امریکی حکومت کے پاکستان کے ثقافتی ورثے کو محفوظ رکھنے کے دیرینہ عزم کا اعادہ کیا. امریکی سفیر کے فنڈ برائے تحفظ ثقافتی ورثہ نے ملتان کے مزارات، بشمول موسیٰ پاک شہید اور شاہ شمس تبریز، کی بحالی کے لیے 70 ہزار ڈالر سے زائد مالی مدد فرا ہم کی. قونصل جنرل کرینویلگی نے ملتان میں کمشنر عمران سکندر بلوچ اور مقامی سیاسی اور معاشی صورت حال پر گفتگو کے لیے ایوان صنعت و تجارت، ملتان کے ارکان سے ملاقات کی.
امریکی قونصل جنرل کا دورہ ملتان‘سولرپاور سسٹم کا افتتاح