راجہ مشتاق نوابی انٹرنیشنل ہیروئن سمگلنگ گروہ کیخلاف درج دونوں مقدمات کی تفتیش مکمل ،چالان ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کوٹلی میں پیش کر دیئے گئے ، سپرنٹنڈنٹ پولیس ضلع کوٹلی

بدھ 20 مارچ 2019 17:15

"کوٹلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2019ء) سپرنٹنڈنٹ پولیس ضلع کوٹلی عرفان سلیم نے پریس ریلیز کے ذریعہ بتایا ہے کہ راجہ مشتاق نوابی انٹرنیشنل ہیروئن سمگلنگ گروہ کے خلاف درج دونوں مقدمات کی تفتیش مکمل کر کے چالان ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کوٹلی میں پیش کر دیئے گئے ہیں۔کل13گرفتار ملزمان کے خلاف چالان پیش کیے گئے ہیں۔ جن میں راجہ مشتاق خان نوابی سکنہ ڈیرہ نواب سہنسہ ، فرید احمد عرف غلام فرید ساکن پٹیڑی ناڑ،عطاالرحمن ساکن پٹیڑی ناڑ ،عبدالغفار ساکن تکیہ ناڑ ، محمدسلیم ساکن مندیاڑی ، محمد یاسین ساکن اندرلہ کٹہڑہ ، شاہ زیب اقبال ساکن کوئی کٹھاڑ ، شہزاد خان ساکن نوتھیا انگور مسجد صدر پشاور، سید احمدشاہ عرف بادشاہ خان ساکن گلدرہ چوک وزیر آباد کاکشال پشاور، حافظ ظہیر حسین شاہ ساکن چوکی مونگ ، اقرار حسین شاہ ساکن بٹل ، محمدیونس ساکن ڈیرہ نواب خان، خالد حسین ساکن کٹھار شامل ہیں۔

(جاری ہے)

5ملزمان کو عدالت نے مجرم اشتہاری قرار دے دیا ہے جن میں حافظ ساجد ، امجد مشتاق، حافظ منصور سلطانی، حافظ حبیب شاہ اور سراج الحق شامل ہیں۔ جبکہ7ملزمان کو مفرور قرار دے دیا گیا ہے۔ پولیس نے دوران تفتیش انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے میرٹ پر تفتیش کی ہے اور 9ملزمان کو بعد از تفتیش کمی ثبوت کی بناء پر رہا کر دیا ہے جن میں خادم حسین ، راجہ عبدالرئوف، طالب حسین، اکرم احمد ،سہیل احمد، بشیرمیراں، عاصم بخاری، کامران عزیز ، حافظ ظہور شامل ہیں۔

گرفتار ملزمان میں غلام فرید ملزم کے بارہ میں پولیس نے تفتیش کرنے کے بعد لکھا ہے کہ اس ملزم نے صرف 5ہزار روپے کے لالچ میں لیدر جیکٹس اپنے قریبی رشتہ داروں کے ہاتھ برطانیہ بھیجیں اور اسے یہ علم نہ تھا کہ جیکٹس کے اندر خفیہ طور پر ہیروئن پیک ہے۔ جسے عدالت نے 5ماہ گرفتار رہنے کے بعد ضمانت کی رعایت دی ہے۔ پولیس نے تفتیش کے دوران ان اہم مقدمات میں جو ثبوت و شہادت جمع کیے ہیں ان میں ان ملزمان کی نشاندہی پر14کلو 280گرام ہیروئن،16 لیدر جیکٹس، ہیروئن پیکنگ کٹ، خام مال، 40لاکھ7ہزار روپے ڈرگ منی،2کاریں ٹویوٹا کرولا جو ڈرگ منی سے خرید کیں۔

12موبائل فون، موبائل فون ڈیٹا اورملزمان کے مابین Whatsapp میسجیز کا ڈیٹا جس میں ہیروئن سپلائی کے آرڈر اور برطانیہ سے ڈرگ منی بھجوانے کے ثبوت شامل ہیں۔ دوران تفتیش ملزم راجہ مشتاق نوابی کی نشاندہی پر 2کلو گرام ہیروئن ، 25لاکھ روپے ڈرگ منی ، ہیروئن پیکنگ کٹ اور خام مال برآمد کیا ہے اس کے علاوہ مزید چار لیدر جیکٹس جن میں 2کلو گرام ہیروئن خفیہ طور پر پیک تھی برآمد کی گئیں جو بھی ملزم راجہ مشتاق نوابی کے آرڈر پر لانا پائی گئیں۔

حافظ ساجد محمود کا خالد قصاب کے نام خفیہ بینک اکاونٹ کھولنے کا ریکارڈ اور حافظ ساجد کی 10کروڑ20لاکھ روپے ڈرگ منی کی ٹرانزیکشن کا ریکارڈ ، فورانزک سائنس لیبارٹری کی رپورٹس، ڈرگ منی سے خرید ی گئی جائیدادوں کا ریکارڈ ، راجہ مشتاق نوابی اور اس کے دونوں بیٹوں، داماداور بھتیجے کے خلاف منشیات کے 14مقدمات کا ریکارڈ ، راجہ مشتاق اور حافظ ساجدمحمود کے خلاف انٹی نارکاٹکس فورس راولپنڈی کے 2مقدمات میں مجرمان اشتہاری ہونے کا ریکارڈ،6سول گواہان کے مجسٹریٹ کے روبرو بیانات شامل ہیں۔

پولیس نے ان اہم مقدمات کی تفتیش میں دن رات محنت کر کے اس گروہ کے 13ملزمان کے خلاف ثبوت و شہادت اکٹھے کر کے چالان عدالت میں پیش کردیئے ہیں۔ 5مجرمان اشتہاری اور سابقہ بینک منیجر سمیت 7 مفروران مقدمات اندرون ملک اور بیرون ممالک فرار ہیں کے خلاف بھی کاروائی کی جارہی ہے اورانھیں ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔دوران تفتیش ثابت ہوا ہے کہ مجرمان اشتہاری حافظ ساجد محمود اور امجد مشتاق نوابی کے پاس اس وقت بھی 13لیدر جیکٹس جن میں 10کلوگرام سے زائد ہیروئن خفیہ طور پر پیک ہے ان کے پاس موجو دہیں ۔

یہ 13لیدر جیکٹس راجہ مشتاق نوابی نے وقوع سے تھوڑ اعرصہ قبل KPKسے منگوائی تھیں اور برطانیہ بھجوانی تھیں اس دوران مورخہ 28دسمبر 2018کو جب پولیس نے راجہ مشتاق نوابی کے گھر ریڈ کیا تھا تو ریڈ سے دو روز قبل یہ لیدر جیکٹس اس نے اپنے بھائی راجہ منور کے گھر Shiftکر دی تھیں جو بعد ازاں ملزم محمد یونس جو اس وقت گرفتار ہے نے گوجر خان میں جبرکے مقام پر راجہ مشتاق ، حافظ ساجد اور امجد مشتاق کے پاس پہنچائیں۔

جوازاں بعدراجہ مشتاق نوابی نے گرفتاری سے قبل یہ 13لید ر جیکٹس اپنے بیٹوں حافظ ساجد اور امجد مشتاق کے حوالے کر دی تھیں جو اب بھی ان کے پاس موجود ہیں۔راجہ مشتاق نوابی اورحافظ ساجد سال 2010سے انٹی نارکاٹکس فورس راولپنڈی کے منشیات کے دو سنگین مقدمات میں مجرم اشتہاری ہیںان دونوں مقدمات میں ان ملزمان کی 07کلو 800گرام ہیروئن،02کلو گرام چرس برطانیہ سمگلنگ کے دوران اسلام آباد ائیرپورٹ پر پکڑی گئی تھی لیکن یہ دونوں باپ بیٹا گرفتار نہ ہوئے تھے پولیس نے ملزم راجہ مشتاق نوابی کو انٹی نارکاٹکس فورس کے حوالہ کرنے کے لیے تحریک کر دی ہے۔

کوٹلی پولیس نے ہیروئن سمگلنگ میں ملوث اس منظم گروہ کا نیٹ ورک توڑ دیا ہے اور انشااللہ انھیں کیفرکردار تک بھی پہنچایا جائے گا۔پولیس لوگوں کے جان ومال اور عزت کی حفاظت کی ذمہ دار ہے۔کوٹلی ایک پرامن خطہ ہے یہاں کی عوام کو ان منشیات فروشوں کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔ میںسول سوسائٹی، حکومت، اپنے محکمہ کے سینئر آفیسران ،میڈیا، کوٹلی بار اور تاجرزکا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنھوں نے اس انٹر نیشل ہیروئن سمگلنگ گروہ کے خلاف پولیس کاروائی کو سپورٹ کیا ہے۔