Live Updates

وزیر اعظم سے چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان کی ملاقات

پاکستان کوئی جارحانہ عزائم نہیں رکھتا لیکن ضرورت پڑنے پر اپنے دفاع کا حق آئندہ بھی استعمال کرے گا،وزیراعظم

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 20 مارچ 2019 18:50

وزیر اعظم سے چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور تینوں مسلح افواج ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ2019ء) چئیرمین جوئنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے وزیراعظم عمران خان سے اسلام آباد مین ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک فوج کے پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے وزیراعظم کو بری، بحری اور فضائی فوج کی کارکردگی اور صلاحیتوں سے آگاہ کیا۔ عمران خان نے افواج پاکستان کی صلاحیتوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور گزشتہ دنوں کی پاک فضائیہ کی کارکردگی کو سراہا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان سے تینوں افواج کے سربراہان اور چئیرمین جوئنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی نے ملاقات کی ہے، اس ملاقات میں افواج کے بارے میں وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی جس پر عمران خان نے اطمینان کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

مسلح افواج کے سربراہان نے بتایا کہ وہ کسی بھی قسم کی جارحیت سے نبٹنے کے لیے تیار ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ قوم کو مسلح افواج کی صلاحیتوں پر مکمل بھروسہ ہے اور پوری قوم پاکستانی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔

وزیراعظم نے تینوں افواج کی کارکردگی کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان کسی بھی ملک کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا لیکن اگر پاکستان کی سالمیت پر کوئی حرف آیا تو پاکستان آئندہ بھی جارحیت کا بھرپور جواب دے گا اور اپنے دفاع کا حق آئندہ بھی استعمال کرے گا۔ یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھارتی فوجیوں پر بم حملے کا الزام پاکستان پر لگا کر بھارت نے پاکستان پر حملہ کرنے کی کوشش کی تھی جس پر پاکستانی فضائیہ نے بھرپور جواب دیتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے دو جنگی طیارے مار گرائے تھے اور ایک پائلٹ کو گرفتار کر لیا تھا۔

وزیراعظم عمران خان نے بھارت کو مذاکرات کی دعوت دی تھی اور جذبہ خیرسگالی کے طور پر بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو رہا کر کے بھارت کے حوالے کر دیا تھا۔ البتہ بھارت کی جانب سے اس کے بعد بھی جنگ کی دھمکیاں آرہی ہیں جس پر پاکستان نے بھارت کو سخت اور صاف الفاظ میں بتا دیا تھا کہ بھارت کے ہر حملے کا جواب پاکستان تین گنا بڑھ کر دے گا۔ 
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات