وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہولی کے تہوار پر ہندو برادری کو مبارکباد

بدھ 20 مارچ 2019 19:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ہولی کے تہوار پر ہندو برادری کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ ہولی کا تہوار بھائی چارے اور خیر سگالی کے جذبات کو فروغ دیتا ہے ۔ہولی کا تہوار زندگی کی خوشیوں اورجوش و جذبے کی علامت ہے اور خوشیوں کے تہوار مل کر منانے سے یگانگت ، محبت اور باہمی تعلقات کو فروغ ملتا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والے مسلمان ، سکھ ، ہندو ،مسیحی ، پارسی سمیت تمام مذاہب کے لوگ اس ملک کے شہری ہیں اور پاکستان میں بسنے والی ہندو برادری نے ملک کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مکمل تحفظ اور مذہبی آزادی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہو کر بھائی چارے اور امن کا پیغام عام کرنا ہے کیونکہ ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہونے سے محبت اور رواداری کو فروغ ملتا ہے ۔