Live Updates

ح*شہبازشریف کیخلاف نت نئے مقدمات بدترین آمریت کی پیروی ہے،علی اکبر گجر

بدھ 20 مارچ 2019 19:51

آ*کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مارچ2019ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کی تنظیم نو کے لئے قائم کی گئی ایڈوائزری کمیٹی کے رکن علی اکبرگجرنے میاں محمد نواز شریف میاں شہباز شریف کے خلاف نت نئے مقدمات اور انکوائریوں کو بد ترین آمریت کی پیروی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں جمہوریت کے نام پر بد مست آمریت کے سائے چھاچکے ہیں۔

میاں محمد نواز شریف کے خاندان کے خلاف سیاسی انتقام اپنے عروج تک جا پہنچا ہے۔ حکمرانوں کے انتقام کی آگ ٹھنڈی نہ پڑی تو بعید نہیں کہ حکومت میاں محمد نواز شریف کے نواسے نواسیوں اور پوتے پوتیوں کے خلاف بھی جے آئی ٹی بنانے کا اعلان کردے۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما سابق ڈویڑنل صدر علی اکبر گجر نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے خلاف خاموش اتحاد بن رہے ہیں لیکن حکمران اور ان کے اتحادی مت بھولیں کہ میاں محمد نواز شریف کے کارکن پاکستان مسلم لیگ(ن) کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے پا کستان مسلم لیگ(ن) کی قیادت کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر مقدمات بنائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

جمہوریت کے نام پر اقتدار پر قبضہ کرنے والے آمریت کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔ ہماری جماعت کا کوئی مرکزی رہنما نام نہاد تحریک انصاف کے انتقام سے محفوظ نہیں حکومت کی کوشش ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کو پارلیمنٹ میں فعال کردار ادا کرنے سے روکا جا سکے۔ علی اکبر گجر نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے کارکنوں کا اتحاد عمران خان حکومت کے آمرانہ فیصلوں کے سامنے سب سے بڑی رکاوٹ بن چکا ہے۔

میاں محمدنواز شریف کے سپاہی نوجوان اور خواتین تحریک انصاف کی آمرانہ حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیں گی۔ حکومتی رویوں میں تبدیلی نہ آئی اور ملک میں انتقام کا پہیہ چلتا رہا پاکستان مسلم لیگ(ن) کے کارکن حکومت کو گھر بھیجنے کے لئے سڑکوں پر آنے پر مجبور ہوجائیں گے۔ میاں مھمد نواز شریف اور میاں شہباز شریف کے خلاف مقدمات کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ کارکنوں کے لئے ناقابل قبول ہے۔#
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات