{کوہاٹ ، قانون شکن عناصرکے خلاف کریک ڈائون، 18 اشتہاری گرفتار

بدھ 20 مارچ 2019 19:52

sکوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مارچ2019ء) کوہاٹ میں قانون شکن عناصرکے خلاف کریک ڈائون کے دوران 18مطلوب اشتہاریوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں کی مسلسل سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کی کاروائیوں میں 247مشتبہ افراد کوبھی حراست میں لیا گیا ہے ۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت جرائم پیشہ افراد کے خلاف بھرپور اور مسلسل کریک ڈائون کے نتیجے میں اسلحہ ومنشیات کی بھاری کھیپ بھی پکڑی گئی ہے۔

مختلف کاروائیوں کے دوران زیر حراست افراد میںمطلوب اشتہاریو ں کے 5سہولتکار اور غیر مقامی باشندے بھی شامل ہیں۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرکوہاٹ کیپٹن(ر)واحد محمود کی خصوصی ہدایت پر ایس پی آپریشنز صلاح الدین کنڈی اور سرکل ایس ڈی پی اوز کی زیر نگرانی نیشنل ایکشن پلان کی من وعن عملداری کے تحت کوہاٹ کے چارو ںسرکلز سٹی،ہیڈ کوارٹر،صدر اور لاچی سرکل کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز،اچانک چھاپوں اور کریک ڈائون کے تسلسل میںپولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا تنگ کرکے قتل واقدام قتل اور دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب 16اشتہاریوںاور انکی5سہولت کاروں سمیت 247مشتبہ افرادکو گرفتار کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

شہر کے مختلف مقامات پر سرچ آپریشن کی کاروائیوں میں گرفتارمشتبہ افراد میں28غیر مقامی باشندے بھی شامل ہیں۔گزشتہ چوبیس گھنٹوںکے دوران ضلع بھر میں کریک ڈائون کے نتیجے میں زیر حراست افراد کے قبضے سے مجموعی طور پر3کلاشنکوف،2رائفل،6بندوق،20پستول،مختلف بور کے 1200کارتوس40چارجرز، 7کلو گرام چرس اور2بوتل شراب برآمد کرکے قبضے میں لئے گئے ہیں۔

آپریشنز کے دوران ضلع بھر میںکرایہ کے 80مکانات کو چیک کیا گیا جن میں مقیم7نان رجسٹرڈ افراد کے خلاف کرایہ داری ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے گئے جبکہ سیکیورٹی چیکنگ کے تسلسل میں ناقص حفاظتی انتطامات کی پاداش میں2نجی کاروباری مراکز کے منتظمین کے خلاف مقدمات قائم کردئیے گئے۔پولیس نے شہر کے 11مقامات پروقتاً فوقتاً اچانک چیکنگ کی کاروائیوں میں وی وی ایس،آئی وی ایس اور سی آر وی ایس موبائل فون کی جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے موقع پرچھوٹی بڑی 1860گاڑیوں بشمول موٹر سائیکلوں اور 3600افراد کا ڈیٹا چیک کیا جن میں105افراد کو زیر دفعہ 107/151اور 110افراد کو ضابطہ فوجداری کے دفعات 55/109کے تحت حراست میں لیکر چالان عدالت کیا گیاجبکہ نان رجسٹرڈ اور بغیر نمبر پلیٹ26موٹر سائیکلیںتحویل میں لیکر مزید چھان بین کیلئے متعلقہ تھانوں میں بند کردئیے گئے۔

کریک ڈائون کے دوران ہوائی فائرنگ کے مرتکب 4ملزمان کو بھی حراست میں لیکر انکے قبضے سے مختلف قسم کے 7ہتھیاراور درجنوں گولیاں برآمد کرلی گئی۔