:وزیراعلیٰ کی صوبے کے عوام کو ریلیف دینے اوراچھی طرز حکمرانی کو یقینی بنانے کیلئے صوبائی وزراء سے طویل مشاورتی ملاقات

ةصوبے کے انتظامی امورکو بہتر بنانے اور عوام کوسہولتیں فراہم کرنے کے لئے فوری اقدامات کا فیصلہ ؒ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ،وزیراعلیٰ کاناجائز منافع خوروں کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم ؔ محکمے عوامی فلاح و بہبود کیلئے ہرممکن اقدام اٹھائیں،مقرر کردہ اہداف کا حصول یقینی بنائیں،میرٹ کو ہر سطح پر فروغ دیا جائے، گندم خریداری مہم کے دوران چھوٹے کاشتکار کا تحفظ کرینگے، کسانوں سے 1300 روپے فی من کے حساب سے گندم خریدی جائیگی عوامی خدمت کے سفر میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونے دی جائے گی، مشاورت کا سلسلہ تسلسل کیساتھ جاری رہے گا:عثمان بزدار

بدھ 20 مارچ 2019 20:05

۳لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مارچ2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے صوبائی وزراء سے مشاورت کی ۔وزیراعلیٰ نے صوبے کے عوام کو ریلیف دینے اوراچھی طرز حکمرانی کو یقینی بنانے کیلئے وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی وزراء سے طویل ملاقات کی۔ صوبائی وزراء محمد بشارت راجہ، ڈاکٹر یاسمین راشد،میاں محمودالرشید، محمد سبطین خان، میاں اسلم اقبال ، مخدوم ہاشم جواں بخت، حافظ ممتاز احمد، ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل، چیف سیکرٹری اور پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ ملاقات میں شریک تھے۔

مشاورتی ملاقات میں صوبے کے انتظامی امورکو بہتر بنانے اور عوام کوسہولتیں فراہم کرنے کے لئے فوری اقدامات کا فیصلہ کیا گیا - ملاقات میں مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا -وزیراعلیٰ نے ذخیرہ اندوزوں اورناجائز منافع خوروں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ مہنگائی پر قابو پانے کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کومزید متحرک کردارادا کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ عوام کو کسی بھی صورت مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے رحم وکرم پر نہیںچھوڑا جاسکتا-اس موقع پر اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال کو ذمہ داری تفویض کی گئی۔وزیراعلی نے اس موقع پر کہاکہ محکمے عوامی فلاح و بہبود کیلئے ہرممکن اقدام اٹھائیں اور مقرر کردہ اہداف کا حصول یقینی بنائیں۔

انہوںنے کہاکہ گڈ گورننس کو یقینی بنایا جائے اورمیرٹ کو ہر سطح پر فروغ دیا جائے۔انہوں نے کہاکہ گندم خریداری مہم کے دوران چھوٹے کاشتکار کا ہرممکن تحفظ کریں گے۔ کسانوں سے 1300 روپے فی من کے حساب سے گندم خریدی جائے گی۔انہوںنے کہاکہ اچھے طرز حکمرانی کے ذریعے عوام کی زندگیوں میں آسانی پیدا کی جائیں گی - ہم نے مل کر صوبے کے عوام کی خدمت کرنی ہے۔ انہوںنے کہاکہ عوامی خدمت کے سفر میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونے دی جائے گی۔ آپ سب میری ٹیم ہیں، اہم امور پر آپ کو ساتھ لیکر چلوں گا اور آپ سے مشاورت کا سلسلہ آئندہ بھی تسلسل کیساتھ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ تنقید کی کوئی پرواہ نہیں، عوامی خدمت کے سفر کو آگے بڑھاتے جائیں گے۔