پنجاب قرآن بورڈ نے املاک کو ڈی سیل کرنے کیلئے چیئر مین کوایک لاکھ روپے تک جرمانہ کرنے کا اختیار دیدیا

بدھ 20 مارچ 2019 20:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2019ء) پنجاب قرآن بورڈ کے اجلاس میں دوکانوں، ناشران کے پرنٹنگ پریس اور دیگر املاک کو ڈی سیل کرنے کے لئے چیئر مین کوایک لاکھ روپے تک جرمانہ کرنے کا اختیار دینے اوررمضان المبارک میں عظمت قرآن کانفرنس منعقد کرانے کی منظوری دے دی۔ پنجاب قرآن بورڈ کا اجلاس چیئرمین ابوالمظفر غلام محمد سیا لوی کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔

اجلاس میں مفتی انتخاب نوری ، صاحبزادہ عبد المصطفیٰ ہزاروی، حافظ فضل کریم، داکٹر قاری احمد میاں تھانوی ، ڈاکٹر محمد سعد صدیقی ،ڈاکٹر عبد الغور راشد، ڈاکٹر محمد حماد لکھوی، مولانا امجد علی جعفری، حافظ غلام حیدر ،اسسٹنٹ دائریکٹر تعلیم (آر اینڈ ڈی )، ایڈیشنل آئی جی پولیس،ڈی آئی جی سپیشل برانچ،سیکشن آفیسر(آئی بی ایم) اوقاف سمیت دیگر بھی شریک ہوئے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کنٹریکٹ کی بنیاد پر کام کرنے والے چار ملازمین کے کنٹریکٹ میںتوسیع کی بھی منظوری دیدی گئی۔اجلاس میں قرآن مجید کے شہید اوراق کی ری سائیکلنگ کے لئے پلانٹ لگانے کی بابت تیار اشتہار میں بعض الفاظ کی ترامیم کردی گئیں۔ری سائکلنگ پلانٹ کی بابت ترمیم شدہ اشتہار سیکرٹری اوقاف کی منظوری سے مشروط کر کے اسے قومی میڈیا کو جاری کرنے کی بھی منظور ی دے دی گئی۔

اجلا س میں دوکانوں، ناشران کے پرنٹنگ پریس اور دیگر املاک کو ڈی سیل کرنے کے لئے چیئر مین پنجاب قرآن بورڈ کو ایک لاکھ روپے تک جرمانہ کرنے کا اختیار دینے کی بھی منظوری دی گئی ۔مقدس اور قرآن مجید کے شہید اوراق کو محفوظ بنانے کی بابت عوامی شعوری بیداری کے لئے مختلف اخبارات میں اشتہار دینے کے لئے شرکاسے تجاویز طلب کر تے ہوئے کہا گیا کہ عوام میں شعوری بیداری سے شہید اوراق کومحفوظ بناتے وقت ان مقدس اوراق کی بے حرمتی کا عنصر ختم کرنے میں مدد ملے گی۔