نیب نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو طلب کر لیا

وزیر اعلیٰ نے ٹھٹھہ شوگر مل معمولی قیمت پر اومنی گروپ کو فروخت کی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 20 مارچ 2019 20:55

نیب نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو طلب کر لیا
کراچی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ2019ء) نیشنل آکاﺅنٹی بیلٹی بیورو نے سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کو 26 مارچ کو طلب کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ کو ٹھٹھہ شوگر مل اومنی گروپ کو معمولی قیمت پر فروخت کرنے پر طلب کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ نیب نے مراد علی شاہ کو ٹھٹھہ شوگر مل کی فروخت کے حوالے سے پوچھ گچھ کرنے کے لیے طلب کیا ہے۔

اس سے پہلے وزیر اعلیٰ سندھ کو 4 جنوری کودریائے ملیر کی زمین کے کیس میں بھی نیب نے طلب کیا تھا جس کی تحقیقات جاری ہیں۔ دریائے ملیرکی زمین کو کم قیمت پر اومنی گروپ کو بیچنے پر نیب نے مراد علی شاہ اور سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ دونوں کو طلب کیا تھا اور اس حوالے سے کیس ابھی چل رہا ہے ۔ اب نیب نے مراد شاہ کو شوگر مل کے کیس میں طلب کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سندھ 26 مارچ کو نیب میں پیش ہوں گے۔ اس کے علاوہ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما آصف علی زرداری کے منی لانڈرنگ کیس میں بھی مارد شاہ کو طلب کیا گیا تھا۔ پاکستان تحریکِ انصاف کی حکومت پہلے ہی وزیراعلیٰ سندھ سے استعفیٰ مانگ رہی ہے اور اب ان پر اس حوالے سے دباؤ مزید بڑھ گیا ہے۔ مراد علی شاہ پر24.9 ارب روپے کی خرد برد کا بھی کیس چل رہا ہے اس حوالے سے ان پر کیس ہے کہ جب وہ سندھ کے وزیر خزانہ تھے تو انہوں نے اومنی گروپ کے ساتھ مل کر عوام سے 24.9 ارب روپے کا فراڈ کیا، اس کیس کی بھی تحقیقات چل رہی ہیں۔