Live Updates

خیبرپختونخوا اسمبلی میں عورت مارچ کے خلاف قرارداد منظور

یومِ خواتین کے دن کے موقع پر ملک کے مختلف شہروں میں ہونے والے عورت مارچ کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 20 مارچ 2019 21:53

خیبرپختونخوا اسمبلی میں عورت مارچ کے خلاف قرارداد منظور
پشاور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ2019ء) عورت مارچ کے خلاف قرارداد متحدہ مجلس عمل کی رکن ریحانہ اسمائیل نے اسمبلی میں پیش کی، پیپلزپارٹی، عوامی نیشنل پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کی خواتین اراکین نے قرارد داد کی حمایت کی جس کے بعد قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ایک اسلامی ملک ہے اور اسلام کے نام پر بنا ہے، ہم اس اقدام کی مذمت کرتے ہیں جو اسلامی تعلیمات کے مخالف ہوں ۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یومِ پاکستان کے دن عورت مارچ کے نام پر ہمارے خاندانی نظام اور سماجی روایات پاش پاش کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ عورت مارچ میں پلے کارڈز پر بیہودہ نعرے اور تصاویر بنائی گئیں اور بیہودہ مطالبات لکھے گئے جس سے مارچ کی آڑ میں فحاشی کی گئی جس کی یہ اسمبلی مذمت کرتی ہے۔

(جاری ہے)

قرارداد میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے حکومت اس مارچ کے پیچھے چھپی قوتوں کو بھی ڈھونڈھ کر سامنے لائی جنہوں نے یہ مارچ کیا اور انکے خلاف کاروائی کرے۔

یاد رہے کہ 8مارچ کو یومِ خواتین کے موقع پر ملک کے کئی شہروں میں عورت مارچ کیا گیا تھا جس میں عورتوں کے حقوق کے حوالے سے مطالبات درج تھے لیکن کچھ خواتین نے قابلِ اعتراض پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور مارچ میں متنازع تقاریر بھی کی گئیں۔ جس پر مارچ کو شدید تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ اب خیبرپختونخوا اسمبلی میں اس مارچ کے خلاف قرارداد منظور کی گئی ہے اور آئندہ ایسے کسی بھی اقدام سے روکنے کے لیے سفارشات کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات