ڈی ایم سی ایسٹ کی انتظامیہ کی نااہلی اوربد عنوانیوں کے باعث ڈی ایم سی ایسٹ میں مسائل کی بھر مار ہے،ر ذوالفقار قائم خانی

ھ*کونسل میں منظور شدہ قراردادوں پر بھی عمل نہیں کیا جارہا ہے،رہنماء پیپلز پارٹی کراچی

بدھ 20 مارچ 2019 22:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مارچ2019ء) ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن ضلع شرقی کے دسواں اجلاس میں پیپلز پارٹی کراچی کے رہنما و اپوزیشن لیڈر ذوالفقار قائم خانی نے کہا ہے کہ ڈی ایم سی ایسٹ کی انتظامیہ کی نااہلی اوربد عنوانیوں کے باعث ڈی ایم سی ایسٹ میں مسائل کی بھر مار ہے جبکہ کونسل میں منظور شدہ قراردادوں پر بھی عمل نہیں کیا جارہا ہے ۔

ترقیاتی کاموں ،ضلع میں آمدن و اخراجات ،ٹیکسوں کی وصولی اور اشتہاری بورڈز کی مد میں آمدنی کی تفصیلات سے کونسل کے اراکین کو آگاہ نہیں کیا جاتا ۔ اپوزیشن ممبران نے اپنے حلقہ کے مسائل حل نہ ہونے پر شدید احتجاج کیاجس پر اجلاس ہنگامہ آرائی کی نظر ہوگیااور قائد حزب اختلاف ذوالفقار قائم خانی کی قیادت میں اپوزیشن کی تمام پارٹیوں پیپلز پارٹی ، جماعت اسلامی ، پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن کے تمام 18اراکین نے ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ کر چیئرمین معید انور جو کہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے اُن کی جانب اچھال دیں اور کونسل ہال سے باہر چلے گئے ۔

(جاری ہے)

قبل ازیں پی ٹی آئی کے سرتاج خٹک نے بھی مسائل پر خطاب کیا۔ اپوزیشن کے واک آئوٹ کے بعد اجلاس کورم پورا نہ ہونے کے باعث ملتو ی کرنا پڑگیا ۔ بعد ازاں ڈی ایم سی کے وائس چیئرمین عبدالرئوف خان کی قیادت میں ایک وفد نے اپوزیشن لیڈر کے آفس میں آکر ملاقات کی اور یقین دہانی کرائی کہ آپ کے مطالبات جائز ہیں اورآئندہ اُن پر عملدرآمد کرایا جائے گا۔اپوزیشن اراکین ذوالفقار قائم خانی کی قیادت میں کونسل ہال میں واپس آگئے اور اجلاس کے بقیہ ایجنڈے کو مکمل کیا گیا۔#