Live Updates

ٴْ پشاور سے کراچی تک موٹر وے وقت کی اہم ضرورت ہے، سردار حسین بابک کا انتخابی اجلاس سے خطاب

بدھ 20 مارچ 2019 22:10

ُپشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مارچ2019ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی الیکشن کمیشن کے چیئرمین سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے ملک پر غیر ضروری طور پر تاریخ اور سیاست سے نا بلد لوگ مسلط کر دیئے گئے ہیں ، جو عوامی مسائل حل کرنے کی بجائے ان میں اضافے کا سبب بن رہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے باجوڑ میں ضلعی کابینہ کے انتخابی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،، اس موقع پر صوبائی الیکشن کمیشن ، ضلعی الیکشن کمیٹی ، منتخب کونسل ممبران اور مشران بھی موجود تھے،صوبائی و ضلعی الیکشن کمیشن کی زیر نگرانی کابینہ کے انتخاب کیلئے ووٹنگ کا عمل ہوا جس کے مطابق گل افضل خان اے این پی ضلع باجوڑ کے صدر جبکہ شاہ نصیر خان جنرل سیکرٹری منتخب کر لئے گئے، کابینہ کے دیگر ارکان میں سینئر نائب صدر اکبر اللہ عرف بابا، نائب صدر اول خان بہادر،نائب صدر دوم محمد صادق،ایڈیشنل جنرل سیکرٹری محمد نثار خان ،ڈپٹی جنرل سیکرٹری صدیق اکبر جان،جائنٹ سیکرٹری زیر اللہ، سیکرٹری مالیات فضل ربی اور سیکرٹری ثقافت عجب خان شامل ہیں، سردار حسین بابک نے نو منتخب کابینہ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ منتخب ممبران پارٹی کی فعالیت اور مضبوطی کیلئے اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لائیں اور عوامی مسائل کے حل کیلئے خود کو ہمہ وقت تیار رکھیں ، انہوں نے کہا کہ اے این پی جمہوری جماعت ہے اور اس میں دیگر جماعتوں کی طرح نامزدگیوں کی بجائے نمائندوں کے چناؤ کا اختیار کارکنوں کے پاس ہے اور جمہوریت کی بالادستی اور جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے اے این پی کا کردار مسلمہ ہے ،انہوں نے کہا کہ گزشتہ الیکشن میں عمران خان نے نوجوانوں کو اپنے پاس تجربہکار ٹیم کے نام پر ورغلایا لیکن بدقسمتی سے عاقبت نا اندیش لوگوں نے صوبے کو مالی و انتظامی طور پر دیوالیہ کر دیا جس سے عوام کے مسائل و مشکلات میں بتدریج اضافہ ہوتا جا رہا ہے،لوگ مہنگائی و بے روزگاری کی دلدل میں دھنس چکے ہیںاور ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچادیا گیا ہے،انہوں نے مزید کہا کہ کاسمیٹکس اعلانات سے عوامی مسائل حل نہیں ہو سکتے،عوامی رائے پر ڈاکہ ڈالنے والوں ، جمہوریت کے دشمنوں اور ان کے آلہ کاروں کے خلاف اور جمہوریت کی بقاء اور اداروں کی آزادی کی جنگ جیت کر رہیں گے، سردار بابک نے کہا کہ پشاور سے کراچی تک موٹر وے وقت کی اہم ضرورت ہے ،صوبائی حکومت نے بی آر ٹی کے نام پر لوٹ مار کا بازار گرم کئے رکھا لیکن موٹر وے کی تعمیر کو پس پشت ڈال دیا گیا ، انہوں نے کہا کہ حکمران عوامی مسائل کا ادراک کریں اور عوامی مشکلات کے ازالے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات