نیوزی لینڈ حملے میں زخمی ہونے والے وسیم اور ان کی بیٹی سے متعلق اچھی خبر

دونوں زندہ ہیں اور آہستہ آہستہ صحتیاب ہو رہے ہیں، سوشل میڈیا صارفین سے دعاؤں کی اپیل

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 21 مارچ 2019 11:46

نیوزی لینڈ حملے میں زخمی ہونے والے وسیم اور ان کی بیٹی سے متعلق اچھی ..
نیوزی لینڈ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 مارچ 2019ء) : نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی مساجد پر حملے کے دوران بیٹی سمیت زخمی ہونے والے وسیم کی حالت میں بہتری آ رہی ہے۔ سوشل میڈیا پر موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق وسیم اور ان کی بیٹی کا علاج آکلینڈ کے ایک اسپتال میں جاری ہے۔ وسیم کی حالت میں بھی آہستہ آہستہ بہتری آ رہی ہے۔ سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی گئی ہے کہ باپ بیٹی کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کریں۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی مساجد پر حملے کے نتیجے میں 50 افراد شہید جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے تھے۔ زخمی ہونے والوں میں اُردن سے تعلق رکھنے والے مسلمان شہری وسیم اور ان کی پانچ سالہ بیٹی بھی شامل تھی۔ وسیم کو چار جبکہ ان کی بیٹی کو تین گولیاں لگی تھیں جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں تاحال ان کا علاج جاری ہے۔

(جاری ہے)

حملے کے بعد مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر حملے میں زخمی ہونے والے وسیم کی ویڈیو سامنے آئی تھی۔ اپنے پیغام میں وسیم نے اپنے دوست احباب سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ میں بہت تھک گیا ہوں، مجھے آپ سب کے پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔ میں ہر کسی کے پیغام کا جواب نہیں دے سکتا لہٰذا میں نے سوچا کہ میں ویڈیو بنا کر اپ لوڈ کر دوں اور آپ کو بتا دوں کہ میں ٹھیک ہوں۔

میرے اور میری بیٹی کی صحت کے لیے دعا کیجئیے۔ میں تمام دعاؤں اور نیک خواہشات کے اظہار پر آپ سب کا بے حد مشکور ہوں۔ آپ سب نے ہماری حمایت کی اللہ آپ پر اپنا کرم کرے۔ وسیم کا ویڈیو پیغام آپ بھی ملاحظہ کیجئیے:
اس ویڈیو پیغام پر صارفین نے وسیم نامی اس شخص اور اس کی پانچ سالہ بیٹی کے لیے خوب دعائیں کیں اور نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا تھا۔