یوم پاکستان کی تیاریاں ، جُڑواں شہروں میں موبائل و انٹرنیٹ سروس بند

موبائل و انٹرنیٹ سروس پریڈ گراؤنڈ کے دس کلو میٹر کے احاطے میں بند کی گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 21 مارچ 2019 12:00

یوم پاکستان کی تیاریاں ، جُڑواں شہروں میں موبائل و انٹرنیٹ سروس بند
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 مارچ 2019ء) : یوم پاکستان کی تیاریوں کے پیش نظر جڑواں شہروں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند کر دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں یوم پاکستان پریڈ کی تیاریاں جاری ہیں جس کے پیش نظر پریڈ گراؤنڈ کے دس کلو میٹرکے احاطے میں اسلام آباد انتظامیہ نے موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند کر دی۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں بتایا گیا کہ موبائل اور انٹرنیٹ سروس دوپہر بارہ بجے تک معطل رہے گی۔ سروس کو فُل ڈریس ریہرسل کے پیش نظر بند کیا گیا تھا۔ دوسری جانب ڈپٹی کمشنر اسلام آباد پریڈ کے پیش نظر کئی سرگرمیوں کی ممکنہ معطلی کا نوٹی فکیشن پہلے ہی جاری کر چکے ہیں۔ اس نوٹی فکیشن کے مطابق میرج ہالز، بس ٹرمینلز اور ہوٹلز وغیرہ 19 مارچ سے لے کر 30 مارچ تک بند ہوں گے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ 23 مارچ کو یوم پاکستان پریڈ کے حوالے سے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور تفصیلات بھی جاری کر چکے ہیں۔ یوم پاکستان کے حوالے سے تفصیلات ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے 15 مارچ کو جاری کی تھیں۔ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا تھا کہ ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد یوم پاکستاب پریڈ میں مہمان خصوصی ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ 23 مارچ کو یوم پاکستان پریڈ کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ اس پریڈ میں آذربائیجان، بحرین، سعودی عرب، سری لنکا کے پیراٹروپر شریک ہوں گے۔ خصوصی مہمانوں میں آذربائیجان کے وزیردفاع، بحرین کے آرمی چیف بھی شامل ہیں۔ جبکہ عمان کے سرکاری حکام بھی پریڈ میں خصوصی شرکت کریں گے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے یوم پاکستان کی مناسبت سے نیا پرومو بھی جاری کیا گیا۔

یوم پاکستان پریڈ کے حوالے سے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ آذربائیجان اور سعودی عرب کے فوجی دستے پریڈ میں شرکت کریں گے۔ یوم پاکستان کی پریڈ کا سلوگن ’’پاکستان زندہ باد‘‘ہوگا۔ یوم پاکستان پریڈ کے موقع پر پاکستان کے برادر ملک ترکی کے ایف 16 اور چین کے جے 10 طیارے فضائی کرتب دکھائیں گے۔

جبکہ آذربائیجان، بحرین، سعودی عرب اورسری لنکا کے پیراٹروپرز فری فال جمپ کا مظاہرہ کریں گے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق یوم پاکستان پریڈ میں آذربائیجان کے وزیردفاع کرنل جنرل ذاکرحسن اوف تقریب میں شریک ہوں گے۔ جبکہ بحرین فوج کے کمانڈر جنرل شیر محمد بن عیسیٰ الخلیفہ بھی تقریب میں شرکت کریں گے۔ اور بحرین فوج کےکمانڈر جنرل شیرمحمدبن عیسیٰ الخلیفہ تقریب میں شریک ہوں گے۔ دوسری جانب ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد کی پاکستان آمد سے متعلق وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد سرکاری وفد کے ہمراہ پاکستان آ رہے ہیں اور وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش رکھتے ہیں۔