داعش آج رات اڑنچھو ہوجائیں گے،صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ

اقتدار سنبھالا تو اس وقت طوائف الملوکی کا دور دورہ تھا ، اب کوئی سرخ علاقہ باقی نہیں رہ گیا،گفتگو

جمعرات 21 مارچ 2019 12:39

داعش آج رات اڑنچھو ہوجائیں گے،صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2019ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ داعش کا آج رات خاتمہ ہوجائے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق انھوں نے امریکی ریاست اوہائیو کے دورے سے قبل وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے یہ اعلان کیا ۔صدر ٹرمپ نے ہاتھ میں دو نقشے پکڑ رکھے تھے۔

(جاری ہے)

ایک نقشے میں 2016ء میں امریکا میں صدارتی انتخابات کی رات داعش کے زیر قبضہ علاقے دکھائے گئے تھے اور ایک میں آج داعش کی خود ساختہ خلافت کے زیر قبضہ علاقے کو ظاہر کیا گیا تھا۔

نقشوں میں داعش کے زیر قبضہ علاقوں کو سرخ رنگ میں دکھایا گیا تھا اور ان پر تبصرہ کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہاکہ جب میں نے اقتدار سنبھالا تو اس وقت طوائف الملوکی کا دور دورہ تھا لیکن اب کوئی سرخ علاقہ باقی نہیں رہ گیا ہے بلکہ درحقیقت ایک چھوٹا سا ٹکڑا ہے اور یہ بھی آج رات ختم ہوجائے گا۔صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا شام کے شمالی مشرقی علاقے میں اپنے چار سو فوجیوں کو برقرار رکھے گا۔