اسرائیلی وزیراعظم آئندہ ہفتے پیر کوامریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات کریں گے

منگل کے روز اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کے اعزازمیں عشایہ دیا جائے گا،ترجمان وائیٹ ہائوس

جمعرات 21 مارچ 2019 12:43

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2019ء) اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نو اپریل کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات سے قبل آئندہ ہفتے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔ یہ ملاقات ان کی انتخابی مہم کا حصہ ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وائیٹ ہائوس کی ترجمان سارہ سینڈرز نے بتایا کہ دونوں رہ نما آئندہ پیر کو اہم ملاقات کریں گے جب کہ منگل کے روز اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کے اعزازمیں عشایہ دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکی ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم مشرق وسطیٰ میں مشترکہ مفادات پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔نیتن یاھو واشنگٹن میں امریکا، اسرائیل تعلقات عامہ کمیٹی کے سالانہ اجلاس میں بھی شرکت کریںگے۔ یہ کمیٹی اسرائیل کی مالی مدد کے لیے سرگرم ہے۔نیتن یاھو ایک ایسے وقت میں امریکا کا دورہ کرہے ہیں جب 9 اپریل کو صہیونی ریاست میں پارلیمانی انتخابات کا انعقاد عمل میں لایا جا رہا ہے۔ دوسری جانب اندرون ملک نیتن یاھو کی پوزیشن کافی کمزور ہے اور ان کے خلاف کرپشن کے کئی کیسز چل رہے ہیں۔ نیتن یاھو ٹرمپ انتظامیہ سے مدد لینا چاہتے ہیں۔