شمالی شام میں 400 امریکی فوجی تعینات رہیںگے،ٹرمپ کا اعلان

شام میں 1000فوجیوں کو تعینات کرنے کی امریکی اخبار میں شائع خبربے بنیاد ہے،جنرل جوزف ڈانفورڈ

جمعرات 21 مارچ 2019 12:43

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2019ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ 400 امریکی فوجی شمال مشرقی شام میں بدستور تعینات رہیں گے۔غیرملکی خبرساں ادارے کے مطابق امریکی فوج کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے چیئرمین جنرل جوزف ڈانفورڈ نے امریکی اخبار میں شائع خبر کو غلط قرار دیتے ہوئے کہاکہ شام میں ایک ہزار امریکی فوجیوں کو بدستور تعینات رکھنے کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔

انہو ں نے کہاکہ ہم صدرٹرمپ کی ہدایت پر شام میں متعین فوجیوں کی تعداد کم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔امریکی فوجی عہدیدار کا کہنا تھا کہ ترکی کے ساتھ مل کر مفصل عسکری منصوبہ بندی کی گئی ہے تاکہ ترکی کو شام کی سرحد پر درپیش خطرات سے بچایا جاسکے۔یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے امریکی ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں حکومت کے حوالے سے کہا گیا تھا کہ ایک ہزار امریکی فوجیوں کو شام میں تعینات رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ بعد میں 200 فوجیوں کی تعیناتی کی خبر آئی تھی۔

(جاری ہے)

گذشتہ ہفتے امریکی اخبار نے ایک رپورٹ میں لکھا تھا کہ ترکی، امریکی حمایت یافتہ کرد فورسز اور یورپی اتحادیوں کیدرمیان شام میں 'سیف زون'کے حوالے سے مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں۔ مذاکرات کی ناکامی کے بعد امریکا نے کردوں کے ساتھ مل کر آپریشن جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔اخبار نے امریکی عہدیداروں کے حوالے سے بتایا تھا کہ شام میں مجموعی طورپر ایک ہزار امریکی فوجیوں کو تعینات رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔