ٹی بی ایک ایسے جراثیم سے پھیلنے والی بیماری ہے جو عموماً پھیپھڑوں کو متاثر کرتی ہے،ڈاکٹرمحمدعدنان

جب ٹی بی کا مریض کھانستا، چھینکتا یا تھوکتا ہے تو یہ جراثیم ہوا میں پھیل جاتے ہیں،معروف معالج کی گفتگو

جمعرات 21 مارچ 2019 12:44

خالق نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2019ء) ٹی بی ایک ایسے جراثیم سے پھیلنے والی بیماری ہے جو عموماً پھیپھڑوں کو متاثر کرتی ہے لیکن جسم کے دوسرے حصے بھی اس سے متاثر ہو سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار معروف معالج وبسم اللہ فری ڈسپنسری کاہنہ کے سربراہ ڈاکٹرمحمدعدنان نے خصوصی گفتگوکرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ جب ٹی بی کا مریض کھانستا، چھینکتا یا تھوکتا ہے تو یہ جراثیم ہوا میں پھیل جاتے ہیں اور سانس کے ذریعے دوسرے شخص کے پھیپھڑوں میں داخل ہو جاتے ہیں۔

اس لیے تشخیص کے بعد علاج کے ابتدائی مراحل میں ڈاکٹر کے مشورے کے مطابق مریض کے ساتھ کھانے پینے اور ذاتی اشیا کے استعمال میں احتیاط برتنی چاہیے تا کہ دوسرے شخص تک مرض کا پھیلائو روکا جا سکے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹرمحمدعدنان کا مزیدکہنا ہے کہ معالجین، معاشرے اور اہل خانہ کا مریض کے ساتھ ہمدردانہ رویہ مرض کی روک تھام کے لیے انتہائی ضروری ہے، جس کے باعث مریض کی حوصلہ افزائی سے مثبت نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مرض کے کنٹرول اور شرح اموات میں کمی کے لیے گورنمنٹ، فلاحی اداروں، میڈیکل بورڈز، محققین اور پالیسی ساز اداروں کی مشاورت اور سنجیدگی کے ساتھ اقدامات ٹی بی کی روک تھام میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں جب کہ طلبا، اساتذہ، ٹی بی کے مریض، ان کے اہل خانہ، مذہبی رہنما، صحافی، پرنٹ، براڈ کاسٹنگ اور الیکٹرانک میڈیا، عوام الناس میں ٹی بی کے پھیلائو، بچائو اور علاج معالجے سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لیے اپنا بہترین کردار ادا کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئیے ہم سب عہد کریں کہ اپنے شہر، صوبے اور ملک سے ٹی بی کے مکمل خاتمے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔

متعلقہ عنوان :