آل پاکستان انجمن تاجران کاہائیکورٹ کی پابندی ،ریڈ زون قرار دئیے جانے کے باوجود مال روڈ پر دھرنوںپر تشویش کا اظہار

مظاہروں اور دھرنوں کیوجہ سے مال روڈ اور اس سے ملحقہ مارکیٹوں میں کاروبار تباہ ہو کر رہ گیا ہے ‘ مرکزی صدر اشرف بھٹی

جمعرات 21 مارچ 2019 12:59

آل پاکستان انجمن تاجران کاہائیکورٹ کی پابندی ،ریڈ زون قرار دئیے جانے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2019ء) آل پاکستان انجمن تاجران نے لاہور ہائیکورٹ کی پابندی اور حکومت کی جانب سے ریڈ زون قرار دئیے جانے کے باوجود مال روڈ پر احتجاج اور دھرنوںپر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اعلیٰ عدلیہ اس پر نوٹس لے کر سخت کارروائی عمل میں لائے ،احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں کی وجہ سے مال روڈ اور اس سے ملحقہ مارکیٹوں میں کاروبار تباہ ہو کر رہ گیا ہے جس کی وجہ سے تاجر شدید مشکلات سے دوچار ہیں ۔

ان خیالات کا اظہارا مرکزی صدر اشرف بھٹی نے اپنے دفتر میں ملاقات کے لئے آنے والے مختلف مارکیٹوں کے نمائندہ تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے کاروبار میں پہلے ہی مندی کا رجحان ہے اور اس کے ساتھ مال روڈ کی بندش اور ٹریفک جام ہونے کی وجہ سے مال روڈ ، انار کلی بازار،عابد مارکیٹ ،ہال روڈ اور دیگر مارکیٹوں کے تاجروںاور خریداری کیلئے آنے والوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے مال روڈ پر احتجاج اور دھرنوں پر پابندی کے واضح احکامات جاری کئے جا چکے ہیںجبکہ حکومت کی جانب سے بھی اسے ریڈ زون قرا ردیا گیا ہے ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ لاہور ہائیکورٹ اس کا سختی سے نوٹس لے اور اس سلسلہ میں اسمبلی سے بھی قانون سازی کرکے مال روڈ کو بند کرنے والوں کے لئے سخت سزائیں اور جرمانے تجویز کئے جائیں۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ ہم ہرگز یہ نہیں کہتے کہ اپنے مطالبات پیش نہ کئے جائیں بلکہ اس کیلئے ضلعی حکومت کی جانب سے ناصر باغ سمیت دیگر مختص پوائنٹس پر جمع ہو کر اپنے مطالبات حکومت تک پہنچائے جائیں۔