Live Updates

رمضان میں ڈیپارٹمنٹل سٹورز کی بجائے غریب کو ریلیف دینے کیلئے سبسڈی کی فراہمی کا میکنزم بنایا جائے‘ مرکزی کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن

حکومت زیادہ استعمال ہونیوالی آئٹمز کی رسد کو یقینی بنانے ،سبسڈی کے طریق کار کیلئے پیشگی مشاورت شروع کرے ‘ جنرل سیکرٹری طاہر ثقلین بٹ

جمعرات 21 مارچ 2019 12:59

رمضان میں ڈیپارٹمنٹل سٹورز کی بجائے غریب کو ریلیف دینے کیلئے سبسڈی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2019ء) مرکزی کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ حکومت رمضان المبارک میں پوش علاقوں میں واقع بڑے ڈیپارٹمنٹل سٹورز کی بجائے غریب کو ریلیف دینے کیلئے نو ٹائونز میں جنرل سٹورز اورپرچون دکانداروںکو سبسڈی دینے کیلئے اقدامات اٹھائے ،رمضان المبارک میں اشیائے خوردونوش کی زیادہ استعمال ہونے والی آئٹمز کی رسد کو یقینی بنانے اور سبسڈی کے طریق کار کیلئے پیشگی مشاورت کا عمل شروع کیا جانا چاہیے ۔

ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری طاہر ثقلین بٹ نے وزیر اعلیٰ کے مشیر اکرم چوہدری کی جانب سے رمضان المبارک میں بڑے ڈیپارٹمنٹل سٹورز کو سبسڈی دینے کے عندیے پر بلائے گئے ہنگامی اجلاس میں کیا ۔ طاہر ثقلین بٹ نے کہا کہ پوش علاقوں میں رہنے اور ڈیپارٹمنٹل سٹورز سے خریداری کرنے والوں کو نہیں بلکہ مختلف آبادیوںمیں رہنے والے غریبوں کو سبسڈی کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

حکومت ہر طبقے کی بجائے مستحق لوگوں کیلئے منصوبہ بندی کرے اور جنرل سٹورز اور پرچون کے دکانداروں کے ذریعے پسے ہوئے عوام تک ریلیف مہیا کرنے کیلئے سبسڈائز اشیائے خوردونوش کی فراہمی کا میکنزم بنایا جائے ۔طاہر ثقلین بٹ نے کہا کہ رمضان المبارک سے قبل ہی مختلف اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان جاری ہے جسے روکنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں جبکہ طلب کے مطابق رسد کو یقینی بنانے اور سبسڈی کے طریق کار کیلئے بھی تمام اسٹیک ہولڈرز سے پیشگی مشاورت کا آغاز کیا جائے۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات