مقبوضہ کشمیر قابض انتظامیہ نے 9افراد پر کالا قانون’’پبلک سیفٹی ایکٹ‘‘ لاگو کر دیا

کالا قانون لاگو کیے جانے والوں میں حریت کارکنوں امتیار حیدر ، تاشوق احمد، غلام محمد مسگر اور محمد یوسف کے علاوہ ایک معلم اور جماعت اسلامی کے رہنما ارشد احمد شامل ہیں

جمعرات 21 مارچ 2019 12:59

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2019ء) مقبوضہ کشمیر میں قابض انتظامیہ نے حریت کارکنوں سمیت کم از کم 9افراد پر کالا قانون ’’پبلک سیفٹی ایکٹ‘‘ لاگو کر دیا ہے جس کے بعد انہیں جموں خطے کی کوٹ بھلوال میں منتقل کیا گیا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی پولیس نے ان افراد کو گزشتہ ایک ماہ کے دوران رات کے وقت گھروں پر چھاپوں کے دوران گرفتار کر لیا تھا۔

(جاری ہے)

کالا قانون لاگو کیے جانے والوں میں حریت کارکنوں امتیار حیدر ، تاشوق احمد، غلام محمد مسگر اور محمد یوسف کے علاوہ ایک معلم اور جماعت اسلامی کے رہنما ارشد احمد شامل ہیں۔ ان افراد کے اہلخانہ نے ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کہاکہ ان کے پیارے بے قصور ہیں اور انپر کالے قانون’ پی ایس اے‘ کا اطلاق قطعی طور پر بلا جواز ہے ۔ امتیاز حید ر کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ امتیاز کو محض چند روز قبل ہی غیر قانونی نظر بندی سے رہا کیا گیا تھا اور اب پھر گرفتار کر کے ان پر کالا قانون لاگو کیا گیا۔ ارشد احمد کے اہلخانہ نے کہا کہ بھارتی پولیس نے اسے ایک شہید نوجوان کا نماز جنازہ پرھانے کی پاداش میں گرفتار کیا اور اب اس پر کالا قانون لاگو کیا گیا۔