بھارت نے نہتے عوام کو ظُلم و بربریت کا نشانہ بنا کر سارے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں‘شاہ غلام قادر

07ء کو سمجھوتہ ایکسپریس کو دھماکوں کی نذر کر دیا گیا اور اب انتہا پسندوں کو بھی عدالتی فیصلہ کی روشنی میں آزاد کر دیا گیا

جمعرات 21 مارچ 2019 13:38

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2019ء) آزاد کشمیر اسمبلی کے سپیکر شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ بھارت نے نہتے عوام کو ظُلم و بربریت کا نشانہ بنا کر سارے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔ سال 2007ء کو سمجھوتہ ایکسپریس کو دھماکوں کی نذر کر دیا گیا اور اب انتہا پسندوں کو بھی عدالتی فیصلہ کی روشنی میں آزاد کر دیا گیا ۔ پاکستان حق بجانب ہے کہ وہ یہ پوچھے کہ 68بے گناہ افراد کو جن میں پاکستانیوں کی تعداد زیادہ تھی اٹاری ریلوے سٹیشن کے قریب سمجھوتہ ایکسپریس کو تباہ کر دیا گیا، آخر یہ دہشت گردی کس کے پلڑے میں پڑے گی۔

حفاظتی اقدامات بھارتی حکومت کو کرنا تھے ہندو بلوائیوں کے خوف سے گواہ بھی پیش نہ کیئے جا سکے۔ بھارت عالمی دہشت گردی کا مرتکب ہوا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اس معاملہ کو عالمی عدالت انصاف میں اُٹھایا جائے۔

(جاری ہے)

بھارت جمہوریت کا بڑا چرچا کرتا ہے لیکن بھارت میں بسنے والی کروڑوں اقلیتیں غیر محفوظ ہیں۔ کشمیر میں مظالم کا سلسلہ جاری ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں دہشت گردی کا واقعہ ہوا ، نیوزی لینڈ کی حکومت ، وزیر اعظم اور عوا م کا رویہ مسلمانوں کے ساتھ بہتر ہے اور ہم توقع رکھتے ہیں کہ دہشت گرد عناصر کو ضرور سزا ملے گی۔

اُنہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم مودی سے نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم خاتون نے دہشت گردی کے خلاف موثر آواز بلند کی ہے۔ سپیکر اسمبلی نے کہا کہ مسلمان امن و امان کے داعی ہیں انصاف کے تقاضوں کو مد نظر رکھا جانا چاہیے تب ہی بہتری آ سکتی ہے۔