اسرائیل اور امریکا کا ایرانی جارحیت کا مقابلہ کرنے کا عزم

جوہری معاہدے کا خاتمہ ٹرمپ کے دبائو کا نتیجہ ہے،اسرائیلی وزیراعظم کی امریکی وزیرخارجہ سے ملاقات

جمعرات 21 مارچ 2019 13:40

یروشلم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2019ء) اسرائیل کے وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو اور امریکی سیکریٹری اسٹیٹ مائیک پومپیو نے ایرانی جارحیت کا مقابلہ کرنے کا عزم کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق دونوں رہنماؤں کی ملاقات یروشلم میں ایسے وقت میں ہوئی جب اگلے ہفتے اسرائیل میں الیکشن ہو رہے ہیں۔اسرائیلی وزیراعظم نے تہران کے ساتھ جوہری معاہدے کے خاتمے پر کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران پر دباؤ نتیجہ خیز ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں ایران پر مزید دباؤ بڑھانے کی ضرورت ہے، اس کا دائرہ کار مزید وسیع ہونا چاہیے اور واشنگٹن اور اتل ابیب کو دنیا اور خطے میں بڑھتی ہوئی تہران کی جارحیت روکنے کے لیے قریبی روابط سے کام کرنا چاہیے۔امریکی سیکریٹری نے کہا کہ ایران نے اسرائیل کو تباہ کرنے کی دھمکی بھی دی تھی۔بینجمن نیتن یاہو نے زور دیا کہ تل ابیب شام میں ایران کے بڑھتے ہوئی عسکری عمل دخل کو روکے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے آزادانہ اعمال کی کوئی حد نہیں، ہم اس حقیقت کو کھلے دل سے تسلیم کرتے ہیں کہ امریکا ہمارے اعمال کی حمایت کرے گا جیسا ہم بھی کرتے ہیں۔اسرائیلی وزیراعظم نے اگلے ہفتے واشنگٹن کے دورے پر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کا عندیہ بھی دیا۔