مکّہ میں سعودی امام مسجد پر قاتلانہ حملہ

امام مسجد کو لہولہان حالت میں ہسپتال داخل کرا دیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 21 مارچ 2019 13:19

مکّہ میں سعودی امام مسجد پر قاتلانہ حملہ
مکّہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مارچ 2019ء) مکّہ مکرمہ ایک ارب سے زائد مسلمانوں کے لیے دُنیا کا مقدس ترین مقام ہے۔ یہاں کی فضا روحانیت سے معطر ہے۔ لوگ یہاں پر اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کی خاطر عبادت گزاری میں مصروف رہتے ہیں تاکہ ماضی کی لغزشوں اور گمراہ کُن اعمال کی بخشش ہو سکے۔ تاہم کچھ خدائی خوف اور ہدایت سے عاری لوگوں پر یہاں کے تقدیس بھرے ماحول کا کوئی اثر نہیں ہوتا۔

یہ لوگ مذہب کی خدمت میں مصروف ہستیوں کے احترام سے بھی یکسر عاری ہوتے ہیں۔ ایسے ہی ایک بدبخت نے معمر امام مسجد کی عزت و تکریم کو پسِ پُشت ڈال کر اُس پر قاتلانہ حملہ کر دیا۔ مقامی عربی ویب سائٹ سبق کے مطابق قنقذہ کمشنری کی القوز تحصیل میں ایک بڑا شرمناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک شقی القلب شخص نے امام مسجد حُسین السہاری کو اس وقت پیٹ ڈالا جب وہ مغرب کی نماز پڑھ کر مسجد سے باہر آ رہے تھے۔

(جاری ہے)

اسی دوران ایک شخص اُن کی طرف بڑھا اور تیزی سے اُن کے چہرے پر گھُونسوں کی بوچھاڑ کر دی۔ قریب تھا کہ وہ امام مسجد کو مزید جسمانی تشدد کا نشانہ بنا کر زندگی سے ہی محروم کر دیتا کہ وہاں موجود دیگر نمازی ساری صورتِ حال دیکھ کر  آگے بڑھ کر حملہ آور کو روکنے کی تو وہ وہاں سے فرار ہو گیا۔ جبکہ بزرگ امام مسجد کو لہولہان حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ امام مسجد نے بتایا کہ اُن کا حملہ آور سے کسی بات پر تنازعہ تھا۔ حملہ آور اُنہیں کئی بار واٹس ایپ پر جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دے چکا تھا۔ اس واقعے کی رپورٹ مقامی پولیس اسٹیشن میں درج کرا دی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :